جنرل عاصم منیر آئی ایس ائی اور ایم آئی کی قیادت کرنیوالے پہلے آرمی چیف
راولپنڈی ( آن لائن ) جنرل عاصم منیر ملک کے واحد آرمی چیف ہیں جو آئی ایس ائی اور ایم آئی کے سربراہ رہ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ پہلے کوارٹر ماسٹر جنرل ہیں جنہیں آرمی چیف مقرر کیا گیا ہے۔دوسری جانب آرمی چیف کی تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں فوج اور اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرنے والی جماعت تحریک انصاف کی بھی بھر پور نمائندگی نظر آئی ،
تحریک انصاف کے سینئر رہنما پرویز خٹک ،سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈابھی تقریب میں شریک ہوئے
جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی جن کا تعلق تحریک انصاف سے ہے ،
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ،وزیر اعظم سردار تنویر الیاس ،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے بھی شرکت کی ،
تحریک انصاف کے رہنما تقریب میں شرکت کے بعد خاموشی سے چلے گئے جبکہ فیصل واوڈا مختلف اعلیٰ فوجی افسران سے ملتے نظر آئے ۔