کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے سندھ کے لیے مون سون الرٹ جاری کیا ہے کہ ہوا کے کم دبائو کے باعث جنوب مغربی راجستھان اور گجرات کے قریب موجود ڈپریشن شدت اختیار کر کے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے۔آئندہ 24 گھنٹوں میں یہ سسٹم جنوب مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس سے صوبے بھر میں مزید بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون ہوائیں سندھ میں شدت اختیار کر رہی ہیں، اور بارش برسانے والا یہ سسٹم شہر کراچی میں 10 ستمبر تک بادل برساتا رہے گا۔کراچی اور سندھ بھر میں 9 اور 10 ستمبر کے دوران موسلادھار سے شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے، اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔الرٹ کے مطابق ضلع دادو کے پہاڑی ندی نالوں میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے، جس سے سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
حب ڈیم میں پانی کی سطح بھی بڑھ سکتی ہے، جو کہ قریبی علاقوں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید خبردار کیا کہ تیز ہواں کے باعث کمزور ڈھانچے، کچے مکانات کی چھتیں، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے تمام شہریوں اور متعلقہ اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سیلابی خطرات کے پیش نظر الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔