عربوں کا کیا قصورہے؟
ایف 35 دنیا کا مضبوط اور مہلک ترین فائٹر جیٹ ہے‘ یہ ففتھ جنریشن اور سٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس ہے یعنی اسے دنیا کا کوئی جہاز‘ کوئی میزائل اور کوئی ریڈار پکڑ نہیں سکتا‘ اس کے پائلٹس بھی محفوظ رہتے ہیں‘ یہ ہر لحاظ سے پرفیکٹ ہے بس اس میں ایک کمی ہے اور اس کمی کو پٹرول یا آئل کہتے ہیں اگرفضا میں اس کا تیل ختم ہو جائے‘ اس کا آئل ٹینک لیک کر جائے یا بروقت یہ فیولنگ کے لیے کسی محفوظ اڈے پر نہ اتر سکے تو اس کے تمام سسٹم شٹ ڈائون ہو جائیں گے اور یہ گر کر تباہ ہو جائے گا‘
یہ پہلی مثال ہے‘ دوسری مثال اے آئی کلائوڈ ہے‘ امریکا نے ہفتہ 28 فروری کو آیت اللہ خامنہ ای کواس کلائوڈ کے ذریعے شہید کیاتھا‘ یہ دنیا میں اے آئی کلائوڈ کے ذریعے کسی ہائی ویلیو ٹارگٹ کو ہٹ کرنے کی پہلی مثال تھی‘ اے آئی کلائوڈ نے آیت اللہ خامنہ ای کی تلاش سے لے کر حملے اور حملے سے نعش کی تصویر تک سارا کام خود کار نظام کے ذریعے کیا اور یہ ہر لحاظ سے پرفیکٹ تھا‘ یہ اے آئی کلائوڈ بھی ہر لحاظ سے مکمل اور پرفیکٹ ہے بس اس میں بھی ایک خامی ہے اور اس خامی کو پاور (بجلی) کہتے ہیں‘ اگر بجلی چلی جائے اور بیک اپ بیٹریاں پاور لیس ہو جائیں تو سسٹم شٹ ڈائون ہو جائے گا اور دنیا کا یہ پرفیکٹ کلائوڈ بھی مفلوج ہو جائے گا‘ یہ حقیقت ہے ایف 35 کی طرح بجلی کے لیے بھی فیول چاہیے ‘ آج بھی بجلی کی پیداوار کا فوری اور سب سے بڑا ذریعہ تیل ہے اگر دنیا میں تیل ختم ہو گیا تو اے آئی کلائوڈ سے لے کر ساری سوشل ٹیکنالوجی ٹھپ ہو جائے گی‘یہ دوسری مثال تھی‘ آپ اب تیسری بھی ملاحظہ کیجیے‘ امریکا دنیا کی واحد سپر پاور ہے‘ اسے سپرپاور اس کے جوہری ہتھیاروں اور ٹام ہاک میزائل اور بی ٹو بامبر جیسے طیاروں نے بنایا اوراس وار ٹیکنالوجی کا مکمل انحصار آئل پر ہے اگر تیل ختم ہو جائے یا اس پر قبضہ ہو جائے تو بی ٹو بامبر اڑیں گے‘ میزائل چلیں گے اور نہ ہی نیوکلیئر بم ایکٹو ہو سکیں گے اور یوں سپر پاور ایک ہی رات میں ختم ہو جائے گی اور چوتھی مثال چین ہے‘ چین اس وقت پوری دنیاکا فیکٹری ایریا ہے‘ آپ دنیا کے کسی حصے میں ضرورت کی کوئی چیز
اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو اس کے نیچے ’’میڈ ان چائنہ‘‘ لکھا ملے گا‘ امریکا میں ہر سال چار جولائی کو نیشنل ڈے منایا جاتا ہے‘ اس دن پورے امریکا میں جھنڈے لہرائے جاتے ہیں‘ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے چار جولائی کے 90فیصد امریکی جھنڈوں کی پشت پر ’’میڈ ان چائنہ‘‘ کا سٹکر چسپاں ہوتا ہے‘ چین کی80فیصد آبادی لادین ہے لیکن حجاز مقدس کی نوے فیصد جائے نمازیں اور تسبیحیاں چین سے درآمد ہوتی ہیں‘ ویٹی کن سٹی اور یروشلم کی دیوار گریہ کے سامنے ملنے والے مذہبی نشان بھی چین میں بنتے ہیں‘ دنیا میں سب سے زیادہ سولر پینلز اور سب سے زیادہ الیکٹرک گاڑیاں بھی چین بناتا ہے‘ وال مارٹ دنیا میں سٹورز کی سب سے بڑی چین ہے‘ اس کے ساڑھے دس ہزار سٹورز ہیں‘ ہر سٹور میں ڈیڑھ لاکھ اقسام کی مصنوعات ہوتی ہیں‘ اس کے کل ملازمین کی تعداد 21لاکھ ہے‘ اگر ان سب کو فوجی یونیفارم پہنا دی جائے تو یہ دنیا کی سب سے بڑی فوج ہو گی جب کہ اگر وال مارٹ کی پارکنگز کا ایریا اکٹھا کیا جائے تو یہ امریکی ریاست فلوریڈا کے کل ایریاکے برابر ہوگا‘ وال مارٹ کے مالکان یعنی والٹن فیملی کے بارے میں کہا جاتا تھا‘ یہ لوگ اگر روز اپنے کسی دفتر‘ ویئر ہائوس یا سٹور کا دورہ کریں تو انہیں اپنے پہلے سٹور پر واپس آنے میں 37 سال لگیں گے اور یہ برینڈ ایک گھنٹے میں دو ملین ڈالر کماتا ہے لیکن آپ چین کا کمال دیکھیے وال مارٹ کی 83فیصد مصنوعات چین سے آتی ہیں اور جس دن چین کی مصنوعات بند ہو گئیں اس دن وال مارٹ ختم ہو جائے گا اور یہ امریکا کی ایک کمپنی میں چین کے اثرات ہیں جب کہ امریکا کی نوے فیصد کمپنیاں وال مارٹ کی طرح چینی شکنجے میں ہیں اور چین کی اس ماس پرڈکشن کے پیچھے صرف ایک فورس ہے اور اس فورس کا نام آئل ہے اگر آئل ختم ہو جائے تو بجلی بند ہو جائے گی اور اگر بجلی بند ہو گئی تو فیکٹریاں بند ہو جائیں گی اور اگر فیکٹریاں بند ہو گئیں تو چین کا دیوالیہ نکل جائے گا اور اگر چین دیوالیہ ہوگیا تو دنیا کے ستر اسی فیصد برینڈز بند ہو جائیں گے اور اگر برینڈز بند ہوگئے تو پوری دنیا کا معاشی پہیہ رک جائے گا لہٰذا ہم کہہ سکتے ہیں آئل ماڈرن لائف کا خون ہے‘ یہ ختم تو ماڈرن لائف یا سولائزیشن ختم چناں چہ پھر ہم یہ کہہ سکتے ہیں جس کے پاس آئل اور گیس ہو گی وہی سپر پاور ہوگا‘ صرف اسی کے میزائل‘ جہاز اور بم چلیں گے اور صرف اسی کی فیکٹریاں آباد رہیں گی
دنیا میں اس وقت تیل کے سب سے بڑے ذخائر وینزویلا میں ہیں جب کہ سعودی عرب دوسرے‘ ایران تیسرے‘ کینیڈا چوتھے اور عراق پانچویں نمبر پر آتا ہے‘ گیس کے سب سے بڑے ذخائر روس کے پاس ہیں‘ دوسرے نمبر پر ایران‘ تیسرے پر قطرے‘ چوتھے پر ترکمانستان‘ پانچویں پر امریکا‘ چھٹے پر چین اور ساتویں نمبر پر وینزویلا آتا ہے‘ ہم اگر روس‘ ایران اور قطر کے ذخائر کو اکٹھا کرلیں تو یہ دنیا کا گیس کا 51 فیصد ذخیرہ بنے گا‘ دنیا میں اس وقت جو تیل نکالا جا رہا ہے اس میں امریکا پہلے‘ سعودی عرب دوسرے‘ روس تیسرے‘ کینیڈا چوتھے‘ چین پانچویں‘ عراق چھٹے‘ ایران ساتویں‘ برازیل آٹھویں‘ یو اے ای نویں اور کویت دسویں نمبر پر آتا ہے‘ ہم اگر ان دس ملکوں کا جغرافیہ دیکھیں تو سعودی عرب‘ عراق‘ ایران‘ یو اے ای اور کویت یعنی پانچ ملک گلف میں واقع ہیں‘ گیس کا 51 فیصد حصہ بھی اسی خطے میں ہے گویا سولائزیشن کا پچاس فیصد انحصار خلیج فارس یا بحرہ عرب پر ہے‘ اس وقت دنیا کا 47 فیصد آئل اور 50فیصد گیس عرب ملکوں سے آ رہی ہے جب کہ روزانہ 20 سے 25 فیصد آئل خلیج فارس کی آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے اور یہ مقام ایران کے قبضے میں ہے‘ تیل اور گیس کی اس اہمیت سے امریکا اور چین دونوں واقف ہیں۔ امریکا دوسری جنگ عظیم کے بعد ان ذخائر پر قابض ہو گیا تھا جب کہ چین نے 1980ء کی دہائی میں اس فیلڈ میں قدم رکھا اور یہ آہستہ آہستہ آگے بڑھتا چلا گیا یہاں تک کہ یہ دنیا میں تیل کا سب سے بڑا خریدار ہو گیا اور امریکا کے مقابلے میں کھڑا ہو گیا لیکن اس کے باوجود آئل اور گیس کی مارکیٹ پر امریکا کی اجارہ داری رہی مگر پھر چین نے دنیا کے سب سے بڑے خریدار کا کارڈ کھیلا اورآئل کے تین بڑے ذخائر وینزویلا‘ ایران اور کینیڈا کو ہاتھ میں لے لیا ‘ یہ سودا امریکی آئل کمپنیوں کو قبول نہیں تھا چناں چہ یہ لوگ 2017ء میں پہلی بار ڈونلڈ ٹرمپ کو وائیٹ ہائوس میں لے آئے‘ ٹرمپ نے پہلے دور میں چین کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی لیکن یہ کام یاب نہ ہو سکا لہٰذا آئل کمپنیاںاسے دوسری بار لے کر آئیں اور اس نے آتے ہی دنیا کے کڑاکے نکال دیے‘ آپ اگر ٹرمپ کے پچھلے ایک سال کا تجزیہ کریں تو یہ آپ کو صرف آئل کی پاور کنٹرول کرتا نظر آئے گا یہاں تک کہ غزہ کا بورڈ آف پیس بھی تیل پیدا اور خریدنے والے ملکوں پر مشتمل ہے اور اس کا مقصد آئل پر کنٹرول کو مزید مضبوط بنانا ہے ‘ڈونلڈ ٹرمپ نے3 جنوری2026ء کو وینزویلا پر حملہ کیااوریہ صدر نکولس مادورو اور اس کی اہلیہ کو اٹھا کر نیویارک لے آیا‘ وینزویلا میں مرضی کی حکومت بنائی اور اس کا تیل ان امریکی کمپنیوں میں بانٹ دیا جوٹرمپ کو اقتدار میں لے کر آئی تھیں‘ اس نے اس کے بعد ایران پر حملہ کر دیا‘ ایران کا نیوکلیئر پروگرام محض بہانہ تھا اصل ٹارگٹ ایران کا تیل اور گیس ہے اگر نیوکلیئر ایشو ہوتا تو ایران حملے سے دو دن قبل جنیوا میں یورینیم کو 60فیصد سے ڈی گریڈ کر کے 3 اعشاریہ6فیصد تک لانے کے لیے تیار ہو گیا تھا‘ اس کے بعد حملے کا کوئی تک نہیں بنتا تھا جب کہ امریکا نے فوری حملہ کر دیا‘ کیوں؟ کیوں کہ اسے یہ خطرہ پیدا ہو گیا تھا ایران ہماری ساری شرائط مان لے گا جس کے بعد حملے کا کوئی جواز نہیں رہے گا لہٰذا اصل ایشو آیت اللہ‘ ایران کی حکومت اور نیوکلیئر پروگرام نہیں تھا اصل مسئلہ ایران کا تیل اور گیس ہے۔
ہم اب اس سوال کی طرف آتے ہیں ایران چار دن سے مسلسل قطر‘ عراق‘ بحرین‘ یو اے ای‘ سعودی عرب اور اردن پر حملے کر رہا ہے‘ امریکا ان ملکوں کی حفاظت کیوں نہیں کر رہا‘ اس کی وجہ بھی بہت دل چسپ ہے‘ عرب ملکوں کی آبادی کم لیکن وسائل بے شمار ہیں‘ برطانیہ اور امریکا ان وسائل سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں پہلے کم زور بادشاہت لے کر آئے اور پھر یہ ان بادشاہوں کو دفاع کے نام پر لوٹنے لگے‘ امریکا نے پورے گلف میں درجنوں اڈے بنائے‘ ان میں اپنے ہزاروں فوجی کھپائے اور پھر عربوں کو کھربوں ڈالرز کا دفاعی سازوسامان بیچا‘ امریکا اس کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ کے نام پر بھی عرب ملکوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتا رہا‘ آپ کسی عرب ملک میں چلے جائیں آپ کو وہاں ہزاروں کی تعداد میں بلند عمارتیں‘ پانچ پانچ رو کی ہزاروں کلومیٹر لمبی سڑکیں‘ سمندر کے اندر شہر اور بیس بیس کلومیٹر لمبے ائیربیس ملیں گے‘ گلف کے تمام ممالک کی ائیرلائینز بین الاقوامی ہیں اور ان کے پاس دنیا کے سب سے بڑے ایروپلین فلیٹس ہیں‘ آپ اگر قطر ائیرویز‘ ایمریٹس‘ اتحاد ائیرلائین‘ سعودی ائیرلائین اور کویت ائیر ویز کے جہاز اکٹھے کرلیں تو یہ دنیا کا سب سے بڑا بیڑا بن جائے گا‘ ان ملکوں نے یہ جہاز کس سے خریدے؟ جی ہاں امریکا اور یورپ سے اور ان ائیرلائینز کو چلا کون رہا ہے؟ جی ہاں اسرائیلی کمپنیاں چناں چہ امریکا‘ یورپ اور اسرائیل نے عربوں کو ڈیفنس کے نام پر بھی لوٹااور ڈویلپمنٹ کے نام پر بھی ان کی جیبیں خالی کیں اور اگر اس کے بعد بھی ان کے پاس رقم بچ گئی تو یہ عربوں کو سرمایہ کاری کا لالچ دے کر یہ رقم بھی سمیٹ کر لے گئے‘ آپ یقینا اس حقیقت سے بھی واقف ہوں گے عربوں کا سارا سرمایہ امریکا اور یورپ کے بینکوں میں پڑا ہوا ہے یا لندن‘ پیرس اور نیویارک کی پراپرٹی میں دفن ہے چناں چہ یہ لوگ عربوں کا تیل بھی لے گئے اور سرمایہ بھی‘ اس جنگ کے بعدبھی یہی ہوگا‘جنگ کے بعد عرب ملکوں کی تعمیر نو شروع ہوگی‘ صحرائوں میں نیو کلیئر بنکر بنائے جائیں گے تاکہ عرب کھرب پتی اگلی جنگ کی صورت میں ان میں پناہ لے سکیں ‘ ائیرپورٹس بھی ری پیئر ہوں گے‘ زخمی جہازوں کی جگہ نئے جہاز خریدے جائیں گے اور تباہ حال عمارتوں کی انشورنس کے لیے بھی نئے قوانین بنائے جائیں گے اور اس کا مالی فائدہ کس کو ہوگا؟ امریکا‘ یورپ اور اسرائیل کی کمپنیوں کو ہو گا چناں چہ پھر امریکا کو عربوں کی حفاظت کی کیا ضرورت ہے؟ دوسرا اگر مسلم دنیا آپس میں لڑ کر کم زور ہو جاتی ہے یا یہ ایک دوسرے کو مار کر تباہ ہو جاتے ہیں تو اس کا بھی اسرائیل‘ یورپ اور امریکا کو فائدہ ہو گا لہٰذا پھر اسے عربوں کو ایران سے بچانے کی کیا ضرورت ہے؟۔
ہمیں اب یہ نقطہ سمجھ آ جانا چاہیے یہ اسلام اور عیسائیت یا اسلام اور یہودیت کی جنگ نہیں یہ تیل اور گیس کی لڑائی ہے اور امریکا ان دونوں پر مکمل قبضہ چاہتا ہے‘ یہ چین میں انرجی کرائسیس پیدا کر کے اس کی فیکٹریاں بند کرنا چاہتا ہے اور یہ عربوں کا سارا سرمایہ چوری کرکے انہیں بھکاری بنانا چاہتا ہے‘کہانی صرف اتنی ہے اگر یہ جنگ یہودیت اور اسلام یا اسلام اور عیسائیت کی ہوتی تو ڈونلڈ ٹرمپ عیسائی ملک وینزویلا پر حملہ کیوں کرتا اور یہ عیسائی صدر نکولس مادورو کو اغواء کر کے نیویارک کیوں لاتا اور یہ عیسائی ملک کینیڈا کے عیسائی صوبے البرٹا میں علیحدگی پسندی کی تحریک کیوں چلاتا؟ مسئلہ صرف تیل ہے اور یہ تیل اگر وینزویلا میں ہوگا تو امریکا اس پر حملہ کرے گا‘ اگر ایران میں ہوگا تو یہ ایران پر حملہ کرے گا اور اگر یہ البرٹا میں ہوگا تو امریکا اسے کاٹ کر کینیڈا سے الگ کر دے گا مسئلہ بس صرف یہ ہے اگر آپ کو اب بھی یقین نہیں آ رہا تو پھرآپ میرے ایک سوال کا جواب دیجیے‘ امریکا تمام تر جوہری گستاخیوں کے باوجود شمالی کوریا پر حملہ کیوں نہیں کر رہا؟ کیوں کہ اس کے پاس تیل نہیں ہے اور اگر تیل ہوتا تو یہ ایران اور وینزویلا سے پہلے شمالی کوریا میں بیٹھا ہوتا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
-
ایرانی سپریم لیڈر کی موت پر اظہار افسوس کرنے پر سابق گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کو بیٹے نے تنقید کا...
-
آیت اللہ خامنہ ای ایک ہاتھ چادر کے نیچے کیوں ڈھانپ کر رکھتے تھے؟
-
تیسری عالمی جنگ چھڑ چکی ہے، سابق نیٹو کمانڈر
-
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کی ناقص کارکردگی، پہلا استعفیٰ آگیا
-
سوشل سکیورٹی سے رجسٹرڈ مریم نواز راشن کارڈ نہ رکھنے والے محنت کشوں کے لیے خوشخبری
-
سحری میں اہل خانہ کا اجتماع ،دوشیزہ نے باپ کو قتل کرڈالا
-
روس کی تیسری عالمی جنگ کی دھمکی
-
مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی
-
پاکستان کی درخواست پر ایران نے سعودی عرب پر حملے نہ کرنے کی ضمانت دے دی
-
ایرانی پاسداران انقلاب کا نیتن یاہو کے دفتر پر حملہ، اسرائیل کی حملے کی تصدیق
-
سعودیہ اور قطر میں دھماکوں کی منصوبہ بندی کرنیوالے موساد ایجنٹس کو گرفتارکرلیا گیا: امریکی تجزیہ کار...
-
عمرہ کی آڑ میں بھیک مانگنے والے سعودی عرب سے واپسی پر گرفتار
-
ایران نے پاکستان سمیت ملحقہ تمام ممالک کی سرحدیں بند کردیں
-
ایران پر حملے کیلئے اپنی فضائی حدود استعمال نہیں ہونے دیں گے: اماراتی حکومت کا اعلان





















































