جمعرات‬‮ ، 12 ‬‮نومبر‬‮ 2026 

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو

datetime 12  ‬‮نومبر‬‮  2026

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ کے لیے مفت نہیں ہے‘ آپ ماہانہ 10300 یا 5300 روپے ادا کر کے ہمارے مستقل واٹس ایپ گروپ میں شامل ہو سکتے ہیں جہاں آپ کو جاوید چودھری کے کالم وقت سے پہلے اور اشتہارات کے بغیر ملیں گے‘ ہمارا واٹس ایپ گروپ ایکٹو ہو چکا ہے‘اس گرو پ میں جاوید چودھری صاحب بھی شامل ہیں‘ آپ جاوید چودھری صاحب سے کالم سے متعلق سوال بھی کر سکتے ہیں‘ وہ خود آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے‘ آپ اس گروپ میں شامل ہونے کے لیے موبائل نمبر   5362221  92332+پر امجد خلیفہ سے رابطہ کر سکتے ہیں لیکن آپ اگر مستقل ممبر نہیں بننا چاہتے تو بھی آپ کو اخلاقی طور پر اس تحریر کی کچھ نہ کچھ پے منٹ ضرور کرنی چاہیے‘ آپ خود اس تحریر کی قیمت کا فیصلہ کر کے اپنی رقم  5366774 0310موبائل نمبر پر جمشید خان کو ایزی پیسہ کر سکتے ہیں۔

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو

قمر زمان چودھری ہمارے علاقے کھاریاں سے تعلق رکھتے ہیں‘ میرا ان سے دو دہائیوں کا تعلق ہے‘ ان کی آخری سرکاری خدمت چیئرمین نیب تھی‘ یہ2013ء سے 2017 ء تک چیئرمین نیب رہے‘ 1974ء میں فوج جوائن کی‘ 50 پی ایم اے لانگ کورس کے سورڈ آف آنر تھے‘ یہ جب 1978ء میں فوج میں کیپٹن تھے تو انہیں جنرل ضیاء الحق نے اپنا اے ڈی سی سلیکٹ کر لیا‘ قمر صاحب جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کے چھ ماہ بعد ان کے اے ڈی سی بنے اور 1982ء تک مسلسل چار سال دن رات ان کے ساتھ رہے‘ ان کے زمانے میں صدر کے ساتھ صرف ایک اے ڈی سی ہوتا تھا اور وہ فوج سے لیا جاتا تھا‘ ائیرفورس اور نیوی سے اے ڈی سی لینے کی روایت جنرل ضیاء الحق کے بعد شروع ہوئی‘ صدر جنرل ضیاء الحق اپنے بیڈ روم سے باہر آ جاتے تھے تو پھرکیپٹن قمر زمان سائے کی طرح ان کے ساتھ رہتے تھے‘ اس طویل قربت کی وجہ سے یہ جنرل ضیاء الحق کے مزاج شناس ہو گئے تھے اور ان کی ایک ایک رمز سے واقف تھے‘ یہ 1982ء میں فوج سے سول سروس میں آ گئے‘ اسسٹنٹ کمشنر بنوں سے نیا کیریئر سٹارٹ کیا‘ 22 ویں گریڈ تک گئے‘ سیکرٹری داخلہ بنے‘ ریٹائر ہوئے اور پھر چیئرمین نیب ہو گئے‘ یہ اب دوسری مرتبہ ریٹائرمنٹ کو انجوائے کر رہے ہیں۔

مجھے آٹھ ماہ قبل سعید مہدی صاحب کی کتاب دی آئی وٹنس (The Eye Witness)میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا واقعہ پڑھنے کا اتفاق ہوا‘ سعید مہدی اس زمانے میں ڈی سی راولپنڈی تھے اور وہ بھٹو صاحب سے ملاقات کرنے والے آخری آفیسر تھے‘ بھٹو صاحب کو پھانسی کی تاریخ اور وقت کی اطلاع بھی مہدی صاحب نے دی تھی اور محترمہ بے نظیر بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو سے ملاقات بھی انہوں نے کرائی تھی‘ انہوں نے کتاب میں لکھا ‘چار اپریل 1979ء کو بھٹو صاحب کی پھانسی کے بعد سنٹرل جیل کے سامنے سے گزرتے ہوئے جنرل ضیاء الحق نے گاڑی میں بھٹو صاحب کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی تھی‘ میں نے یہ واقعہ پڑھنے کے بعد قمرزمان چودھری سے رابطہ کیا اور 24 فروری 2026ء کی رات میری ان سے تفصیلی ملاقات ہوئی‘ میں ملاقات اور اس واقعے کی طرف آنے سے قبل جنرل ضیاء الحق کی بیگم شفیقہ ضیاء سے اپنی ایک ملاقات کے بارے میں بھی بتاتا چلوں‘ بیگم صاحبہ سے میری 1994ء میں متعدد ملاقاتیں ہوئی تھیں‘ انہوں نے زندگی میں صرف ایک انٹرویو دیا تھا اور وہ انٹرویو میں نے کیا تھا‘ بیگم صاحبہ پنجابی بولتی تھیں اور بڑی تگڑی خاتون تھیں‘ میں نے ان سے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے دن کے بارے میں پوچھا تو ان کے جواب نے مجھے حیران کر دیا‘ ان کے بقول جنرل ضیاء الحق بہت گہرے انسان تھے‘ وہ کیا سوچتے تھے اور کیا کرنا چاہتے تھے مجھے بھی اس کی خبر نہیں ہوتی تھی‘ مرحوم نے تین اپریل کا دن بھی نارمل گزارا تھا‘ ان کی کسی روٹین میں ذرا برابر فرق نہیں آیا تھا‘ مجھے صبح آپریٹر نے بتایا کل رات ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی‘ مجھے بہت دکھ ہوا اور میں نے رونا شروع کر دیا‘ جنرل ضیاء الحق تیار ہو کر ناشتے کے لیے ڈائننگ ٹیبل پرآئے اور مجھے روتے ہوئے دیکھ کر پنجابی میں پوچھا ’’کی ہویا اے خیریت تے ہے؟‘‘ میں نے ان سے کہا ’’کیا آپ کو نہیں پتا ؟‘‘ ان کا فوری جواب تھا ’’بالکل نہیں‘‘ میں نے دکھ اور غصے سے کہا ’’ کل رات بھٹو صاحب کو پھانسی ہو گئی‘‘ جنرل ضیاء الحق اس وقت ٹوسٹ پر مکھن لگا رہے تھے‘ ان کے ہاتھ سے سلائس نیچے گر گیا اور انہوں نے نے حیرت سے کہا ’’ہیں‘‘ اور پھر دکھی آواز میں بولے ’’کیا انہوں نے بھٹو صاحب کو پھانسی دے دی؟‘‘ میں حیرت سے ان کی طرف دیکھنے لگی‘ وہ ایسے بے ہیو کر رہے تھے جیسے یہ ان کے لیے بھی خبر ہو‘ وہ اس قدر گہرے انسان تھے۔

میں نے قمرزمان صاحب کو یہ واقعہ بتایا‘ اس کے بعد سعید مہدی کی کتاب میں درج دعا کا واقعہ سنایا اور ان سے تفصیل بتانے کی درخواست کی‘ قمر زمان ان واقعات کے عینی شاہد تھے۔قمرزمان چودھری کے بقول جنرل ضیاء الحق پرانے آرمی چیف ہائوس میں رہتے تھے‘ یہ انگریز کے دور کی عام سی پرانی عمارت تھی‘آج کا آرمی چیف ہائوس اس زمانے میں وزیراعظم ہائوس تھا‘ مارشل لاء سے قبل اس میں بھٹو صاحب رہتے تھے‘ جنرل ضیاء انتقال تک آرمی چیف ہائوس میں رہے تاہم انہوں نے بعدازاں وزیراعظم ہائوس کو اپنا آفس بنا لیا تھا‘ یہ دن کا زیادہ تر حصہ اس میں گزارتے تھے لیکن شام کے وقت واپس آرمی چیف ہائوس آ جاتے تھے‘ ان کی فیملی بھی ان کے انتقال تک یہیں رہی‘ وہ چھ کمروں کا پرانا بیرک نما گھر تھا‘ تین کمرے ایک سائیڈ پر تھے اور تین دوسری سائیڈ پر ‘ درمیان میں کوریڈور تھا‘ پہلا کمرہ ڈرائنگ روم تھا‘ اس چھوٹے سے ڈرائنگ روم سے جنرل ضیاء الحق پورا ملک چلاتے تھے‘ اس کے سامنے کوریڈور سے دوسری طرف ڈائننگ روم تھا‘ جنرل ضیائ‘ ان کی فیملی اور فیملی فرینڈز وہاں کھانا کھاتے تھے‘ ان دونوں کمروں سے آگے فولڈنگ جالی لگی تھی جس کی دوسری طرف چار کمرے تھے‘ ایک کمرے میں جنرل ضیاء الحق کی والدہ رہتی تھیں‘ دوسرا کمرا صدر اور ان کی بیگم کا تھا اور باقی دو کمروں میں بچے رہتے تھے‘ ایک کمرے میں معذور بیٹی زین تھی‘وہ اپنی دو بہنوں کے ساتھ رہتی تھی‘ وہ سپیشل چائلڈ تھی‘ جنرل صاحب کو اس سے بہت پیار تھا جب کہ دوسرے کمرے میں ان کے دونوں صاحب زادے اعجاز الحق اور انوارالحق رہتے تھے‘

جنرل ضیاء کی تین بیٹیاں بھی ہیں‘ روبینہ سلیم 1980ء میں شادی کے بعد امریکا چلی گئیں‘ قرۃ العین لندن میں سیٹل ہو گئیں جب کہ زین آخر تک ان کے ساتھ رہیں‘ یہ کل رہائش تھی‘ جنرل ضیاء الحق کا انتقال تک کوئی ذاتی گھر نہیں تھا‘ ان کی شہادت کے بعد ان کی فیملی کو چودھری شجاعت حسین نے اپنے گھر میں ٹھہرایا اور یہ اس وقت تک وہاں رہے جب تک ان کا اپنا گھر نہیں بن گیا۔ میں ان کا واحد اے ڈی سی تھا‘ میں صبح ان کے گھر جاتا تھا اور ان کے سونے تک ان کے ساتھ رہتا تھا‘ گاڑی میں بھی ڈرائیور کے ساتھ میں ان کے ساتھ ہوتا تھا‘ سارے دن کی مصروفیات میں سے میں اپنے لیے صرف تین گھنٹے لیتا تھا‘ میں تین بجے سکوائش کھیلنے جاتا تھا اور چھ بجے ڈیوٹی پر دوبارہ واپس آ جاتا تھا‘ اس کے بعد صدر کے سونے تک ان کے ساتھ رہتا تھا‘ مجھے تین اپریل 1979ء تک جنرل ضیاء الحق کے ساتھ سال ہو گیا تھا اور یہ کسی بھی شخص کو جاننے کے لیے انتہائی مناسب ٹائم ہوتا ہے‘ میں تین اپریل 1979ء کو بھٹو صاحب کی پھانسی سے ایک دن قبل سارا دن صدر کے ساتھ رہا‘ میں نے پورا دن کوئی غیر معمولی چیز آبزرو نہیں کی‘ کوئی خلاف معمول فون بھی نہیں آیا‘ میں نے صدر کو کسی وقت پریشان یا ڈسٹرب بھی نہیں دیکھا‘ صرف شام کے وقت جنرل چشتی (لیفٹیننٹ جنرل فیض علی چشتی کور کمانڈر 10 کور) سول کپڑوں میں ملاقات کے لیے آئے‘ وہ عموماً آتے جاتے رہتے تھے لہٰذا یہ بھی کوئی غیرمعمولی یا خلاف توقع بات نہیں تھی‘ وہ تھوڑی دیر صدر کے ساتھ بیٹھ کر رخصت ہو گئے‘ میں رات ساڑھے گیارہ بجے تک ان کے ساتھ رہا‘ ہر چیز نارمل اور روٹین کے مطابق تھی‘ صدر ساڑھے گیارہ بجے بیڈ روم میں چلے گئے اور میں گھر واپس آ گیا‘  مجھے رات اڑھائی بجے آرمی چیف ہائوس کے آپریٹر نے فون کر کے جگایا اور بتایا بھٹو صاحب کو پھانسی ہو گئی ہے‘ میں نے آپریٹر سے پوچھا ’’صدر کیا کر رہے ہیں؟‘‘ ان کا جواب تھا وہ سو رہے ہیں‘ میں آپ کو صرف احتیاطاً بتا رہا ہوں تاکہ آپ کے نوٹس میں رہے‘ ‘۔

قمرزمان چودھری کے بقول یہ میرے لیے شاکنگ نیوز تھی کیوں کہ کل رات تک اس کے دور دور تک کوئی آثار نہیں تھے‘میری نیند اڑ گئی اور میں اٹھ کر پلنگ پر بیٹھ گیا‘ میں باقی رات جاگتا رہا‘ بہرحال میں صبح روٹین کے مطابق ڈیوٹی پر پہنچ گیا‘ بریگیڈیئر ظفرعلی صدر کے ملٹری سیکرٹری تھے (یہ بھٹو کی پھانسی کے چند ماہ بعد سکوائش کھیلتے ہوئے ہارٹ اٹیک سے فوت ہو گئے تھے) صدر کی چار اپریل کی صبح فارن آفس میں میٹنگ تھی‘ آغا شاہی اس زمانے میں وزیر خارجہ تھا‘ جنرل ضیاء الحق نے چار اپریل کو پوری دنیا سے پاکستانی سفیروں کو فارن آفس بلا رکھا تھا‘ وہ انہیں بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل صورت حال پر بریف کرنا چاہتے تھے‘ ہم نے صدر کے ساتھ فارن آفس جانا تھا‘ بریگیڈیئر ظفر بھی آ گئے‘ میں نے انہیں بھٹو صاحب کی پھانسی کے بارے میں بتایا‘ وہ بھی حیران تھے‘ بہر حال قصہ مختصر صدر روٹین کے مطابق ہنستے ہوئے گھر سے باہر آئے اور گاڑی میں بیٹھ گئے‘ میں حسب معمول ڈرائیور کے ساتھ بیٹھ گیا‘ میرے پیچھے صدر تھے اور ان کے ساتھ ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر ظفر علی‘ ڈرائیور کا نام اعجاز شاہ تھا‘ ہم جب آرمی چیف ہائوس سے نکل کر مری روڈ پر آئے تو ملٹری سیکرٹری نے صدر کو دن بھر کی مصروفیات کے بارے میں بریف کرنا شروع کر دیا‘ ہم بریفنگ کے دوران سنٹرل جیل کے سامنے پہنچ گئے‘ اس زمانے میں جیل جناح پارک کی جگہ ہوتی تھی‘ بے نظیر بھٹو کے پہلے دور میں یہ اڈیالہ شفٹ کر دی گئی اور اسے گرا کر پارک بنا دیا گیا اور بھٹو کے پھانسی گھاٹ کو مانومنٹ میں تبدیل کر دیا گیا‘

سنٹرل جیل کا گیٹ مری روڈ (پرانا ائیرپورٹ روڈ) پر کچہری کے سامنے تھا‘ ہم جیل کے سامنے پہنچے تو مجھے محسوس ہوا پیچھے سناٹا ہو گیا ہے‘ میں نے ترچھی نظروں سے پیچھے دیکھا تو ملٹری سیکرٹری کے دونوں ہاتھ دعا کے لیے اٹھے ہوئے تھے‘ وہ دعا کر رہے تھے جس کا مطلب تھا جنرل ضیاء بھی دعا کر رہے تھے‘ میں نے بھی فوراً ہاتھ اٹھا دیے‘ دعا ختم ہوئی تو مجھے جنرل ضیاء الحق کی آواز آئی ’’واٹ اے پٹی‘ اللہ تعالیٰ بھٹو صاحب کی مغفرت کرے‘‘ اور اس کے بعد روٹین کی بریفنگ شروع ہو گئی‘ ہم فارن آفس پہنچے‘ میٹنگ شروع ہوئی تو جنرل ضیاء الحق نے سفیروں کو بتایا کل رات عدالت کے حکم پر سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی‘ ہم سب سے پہلے ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کریں گے‘ جنرل ضیاء الحق نے اس کے ساتھ ہی دعا کے لیے ہاتھ اٹھا دیے‘ وزیر خارجہ آغا شاہی سمیت تمام سفیروں نے بے اختیار ہاتھ اٹھا دیے‘ جنرل ضیاء نے آخر میں آمین کہا اور ایجنڈے کے مطابق کارروائی شروع ہو گئی لیکن آغا شاہی سمیت تمام سفیر پریشان تھے‘ ان کے چہروں پر ہوائیاں اڑ رہی تھیں‘ سوائے جنرل ضیاء الحق کے‘ وہ مطمئن تھے یوں محسوس ہوتا تھا ان کی نظر میں بھٹو صاحب کی پھانسی ایک نارمل واقعہ ہے‘ ہمارا باقی پورا دن بھی روٹین کے مطابق گزرا‘ ہم نے کسی جگہ صدر کو پریشان یا دماغی لحاظ سے غائب حاضر نہیں دیکھا‘ وہ روٹین کے مطابق گھر آئے‘ فیملی کے ساتھ کھانا کھایا‘ وی سی آر پر بھارتی فلم دیکھی اور رات گیارہ بجے سونے کے لیے بیڈ روم میں چلے گئے‘‘۔

میں نے قمرزمان سے پوچھا‘ سعید مہدی صاحب نے کتاب میں لکھا سنٹرل جیل کے سامنے دعا کے دوران ڈرائیور نے بھی بے اختیار ہاتھ اٹھا دیے تھے‘ قمرزمان صاحب کا جواب تھا‘ یہ غلط ہے‘ میں ڈرائیور کے ساتھ بیٹھا تھا‘ اعجاز شاہ ٹرینڈ ڈرائیور تھا‘ وہ یہ غلطی کیسے کر سکتا تھا تاہم ہم تین لوگوں نے (جنرل ضیائ‘ ملٹری سیکرٹری اور اے ڈی سی) نے دعا ضرور کی تھی‘ میں نے پوچھا ’’کیا یہ درست ہے سنٹرل جیل کے سامنے پہنچ کر جنرل ضیاء نے ملٹری سیکرٹری سے کہا تھا مجھے بیگم صاحبہ نے بتایا کل رات ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی‘ یہ کس وقت ہوا؟ ملٹری سیکرٹری نے صدر کو بتایا‘ یہ خبر درست ہے‘ بھٹو صاحب کو کل رات دو بجے پھانسی دے دی گئی‘ اس پر جنرل ضیاء نے واٹ اے پٹی کہا تھا اور دعا کے لیے ہاتھ اٹھا دیے تھے‘‘ قمر زمان صاحب کا جواب تھا ’’میں نے یہ نہیں سنا تھا‘ میری ڈرائیونگ کے دوران ساری توجہ سڑک اور گردوپیش کی طرف ہوتی تھی‘ میں ملٹری سیکرٹری اور صدر کی گفتگو نہیں سنتا تھا‘ میں اس وقت ان کی طرف متوجہ ہواتھا جب پیچھے اچانک خاموشی چھا گئی تھی‘ میں نے کنکھیوں سے پیچھے دیکھا تو ملٹری سیکرٹری کے دونوں ہاتھ دعا کے لیے ہوا میں اٹھے ہوئے تھے لہٰذا میں نے بھی بے اختیار ہاتھ اٹھا دیے تاہم یہ درست ہے دعا کے بعد جنرل ضیاء الحق نے واٹ اے پٹی کہا تھا اور یہ بھی درست ہے ہمیں چار اپریل کی صبح تک جنرل ضیاء کے کسی عمل سے یہ محسوس نہیں ہوا تھا آج بھٹو صاحب کی آخری رات ہے‘ میں نے ان سے پوچھا ’’جنرل ضیاء الحق گھر میں کیسے انسان تھے؟‘‘ قمر زمان نے قہقہہ لگا کر جواب دیا ’’جنرل ضیاء الحق کا پورا خاندان بھارتی فلموں کا رسیا تھا‘‘ (جاری ہے)۔

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو


  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بیوی کو بھی پتا نہیں چلنا چاہیے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

تیسری پینٹنگ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

قید بھی نعمت ہوتی ہے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

سٹوڈنٹ لسٹ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

Mind The Gape

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

مہاراجہ ہری سنگھ کے جواہرات

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

مرنے کے علاوہ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

درگزر کیا کریں

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بارہ منٹ کا کھیل

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

زندگی کا ذائقہ

یونان کے کسی بادشاہ نے وزیر سے ناراض ہو کر اسے…