اسلام آباد (نیوز ڈیسک)زمبابوے نے افغانستان کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کا ایک منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
زمبابوے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی ایسی ٹیم بن گئی ہے جس نے ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں 500 سے زائد رنز اسکور کیے۔ مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 504 رنز بنائے، جبکہ دوسری باری میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 523 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔میچ کے آخری روز کپتان کریگ ایروین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 206 رنز بنائے، جبکہ ویسلے میڈھیویرے 100 رنز کے ساتھ کریز پر موجود رہے۔ 41 سال اور 82 دن کی عمر میں ڈبل سنچری بنانے والے ایروین ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے تیسرے معمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے۔
زمبابوے نے آخری روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز سے کیا۔ اس دوران برائن بینیٹ نے نصف سنچری اسکور کی، جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے انتم نقوی نے 61 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔کریگ ایروین اور ویسلے میڈھیویرے نے چھٹی وکٹ کے لیے 208 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، جو اس وکٹ پر ٹیسٹ کرکٹ میں زمبابوے کی جانب سے سب سے بڑی شراکت ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 13 نومبر سے شارجہ میں شروع ہوگا۔



















































