اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے بجلی صارفین کے لیے بلوں اور ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگی کا نیا طریقہ متعارف کرا دیا ہے،
جس کے تحت اب QR کوڈ اسکین کرکے چند لمحوں میں رقم جمع کروائی جا سکے گی۔آئیسکو کی جانب سے جاری کردہ اس سہولت کا مقصد صارفین کو ادائیگی کے لیے آسان اور تیز رفتار نظام فراہم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے بجلی کے بلوں کے علاوہ مختلف نوعیت کے ڈیمانڈ نوٹسز پر موجود QR کوڈ اسکین کرکے بھی ادائیگی ممکن ہو گی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو انجینئر خالد محمود کے مطابق اس اقدام سے ادائیگیوں کا عمل مزید سہل اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی سہولت کے ذریعے رقم کی وصولی میں درستگی اور صارفین کے اعتماد کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ادائیگی کے لیے صارفین کو اپنے موبائل فون پر آن لائن بینکنگ ایپ یا موبائل والٹ کھولنا ہوگا، جس کے بعد اصل بجلی کے بل یا ڈیمانڈ نوٹس پر درج QR کوڈ اسکین کرنا ہوگا۔ اسکرین پر ظاہر ہونے والی رقم اور دیگر تفصیلات کی جانچ کے بعد ٹرانزیکشن کی تصدیق کرکے ادائیگی مکمل کی جا سکے گی۔آئیسکو حکام کے مطابق یہ سروس ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے دستیاب رہے گی، جس سے صارفین کسی بھی وقت اپنے واجبات ادا کر سکیں گے۔سی ای او آئیسکو انجینئر خالد محمود نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے صرف اصل آئیسکو بلوں اور ڈیمانڈ نوٹسز پر چھپے QR کوڈ ہی استعمال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادائیگی کی تصدیق سے پہلے رقم اور اکاؤنٹ سے متعلق تمام معلومات اچھی طرح چیک کرنا ضروری ہے۔



















































