کراچی (این این آئی) پاکستان کونسل آف ریسرچ اِن واٹر ریسورسز (پی سی آر ڈبلیو آر) نے ملک بھر کے 27 منرل واٹر برانڈز کو پینے کے لیے غیر محفوظ قرار دے دیا ہے۔
پی سی آر ڈبلیو آر کی جولائی سے ستمبر 2026ء کی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق ملک کے 20 شہروں سے بوتل بند پانی کے 223 برانڈز کے نمونے جمع کرکے ان کے کیمیائی اور جراثیمی معیار کی جانچ کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 195 برانڈز معیار پر پورا اترے، جبکہ 27 برانڈز غیر محفوظ پائے گئے۔رپورٹ کے مطابق کیمیائی جانچ میں 6 جبکہ جراثیمی جانچ میں 22 برانڈز کو غیر محفوظ قرار دیا گیا۔ بعض برانڈز میں دونوں طرح کے معیار کی خلاف ورزی بھی ہوسکتی ہے۔
غیر محفوظ قرار دیے گئے برانڈز میں آبِ حرم، امپیریل پیور ڈرنکنگ واٹر، آبِ مکران، واٹر ورس پیوریفائیڈ، جیل، سپ، اے بی بلیو واٹر، ایچ آر واٹر ہیلتھی لائف، صافی، پیور ایکوا ٹیک، اکوافائن، واٹر ٹائم، السہا، آبِ حیات، کے اینڈ ایس ایکوا سی، جیرز سیف لائف، اطہر پریمیم، ایکوا ڈور، ایچ ایچ جی سویٹس اینڈ بیکرز، ڈرنکلی، ون فلو، پریمیم صفا، زلمی پیور منرل واٹر، نیو اے ٹو زی، فریش اسمارٹ پیور واٹر اور ایکوا انڈس شامل ہیں۔پی سی آر ڈبلیو آر نے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، ملتان، کراچی، لاہور، کوئٹہ، فیصل آباد، سکھر اور گوجرانوالہ سمیت ملک کے 20 شہروں سے پانی کے نمونے حاصل کیے تھے۔



















































