اسلام آباد (نیوز ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے آئی آر آئی ایس سسٹم میں ایک نیا فیچر شامل کردیا ہے،
جس کے ذریعے الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائسز میں مقررہ 72 گھنٹے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی ترمیم یا انہیں منسوخ کرانے کی درخواست دی جاسکے گی۔نجی ٹی وی چینل ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق نئی سہولت کے تحت 72 گھنٹے گزر جانے کے بعد انوائس کی اصلاح یا منسوخی کے لیے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ اس حوالے سے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) نے صارفین کی رہنمائی کے لیے ایک تفصیلی گائیڈ بھی جاری کردی ہے۔ایف بی آر کے مطابق ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے انوائس میں تبدیلی یا اسے منسوخ کرنے کی درخواست آن لائن جمع کراسکیں گے۔
درخواست کے ساتھ ضروری ثبوت اور متعلقہ دستاویزات پی ڈی ایف فارمیٹ میں اپ لوڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ تاہم ایک ہی درخواست میں شامل مختلف انوائسز کے لیے ترمیم اور منسوخی کی الگ الگ کارروائی ممکن نہیں ہوگی۔نئے طریقہ کار کے تحت درخواست پر حتمی فیصلہ آنے تک ٹیکس دہندگان سیلز ٹیکس ریٹرن کا اینکسچر سی جمع نہیں کراسکیں گے۔ اگر کمشنر ان لینڈ ریونیو درخواست منظور کرلیتے ہیں تو درست کی گئی انوائسز کو اینکسچر سی میں شامل کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ درخواست مسترد ہونے کی صورت میں اصل انوائسز ہی اس کا حصہ بنائی جاسکیں گی۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ جو انوائسز پہلے ہی ٹیکس ریٹرن کے اینکسچر سی میں منسلک ہوچکی ہیں، ان پر اس نئی سہولت کا اطلاق نہیں ہوگا۔
اسی طرح زیر التوا یا مسترد شدہ درخواستوں میں شامل انوائسز کو دوبارہ کسی نئی درخواست میں شامل کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔اس اقدام کے ذریعے ایف بی آر نے 72 گھنٹے کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد بھی الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائسز کی اصلاح اور منسوخی کے لیے باقاعدہ طریقہ کار وضع کردیا ہے، جس سے ٹیکس دہندگان کو غلطیوں کی درستگی کے لیے ایک اضافی سہولت میسر آئے گی۔



















































