اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) وزیراعظم کے ’’اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت شہریوں کو فراہم کیے جانے والے ہاؤسنگ قرضوں کی مجموعی مالیت 100 ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہے،
جسے اس منصوبے کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔مشیر برائے وزارت خزانہ خرم شہزاد نے بتایا کہ اب تک اس پروگرام کے ذریعے 17 ہزار 697 گھرانوں کو مجموعی طور پر 104 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔ ان کے مطابق جون 2026 کے بعد صرف چھ ماہ کے دوران قرضوں کی تقسیم میں 404 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔پروگرام کی تازہ ترین کارکردگی کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے خرم شہزاد نے بتایا کہ حکومت کو گھر کی تعمیر یا خریداری کے لیے اب تک 2 لاکھ 20 ہزار 715 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے 90 ہزار 405 درخواستوں کی منظوری دی جاچکی ہے،
جن کے تحت مجموعی طور پر 533 ارب روپے کے قرضوں کی فنانسنگ منظور ہوئی ہے۔مشیر خزانہ کے مطابق موصول ہونے والی درخواستوں میں سے 41 فیصد کو قرضوں کی منظوری دی گئی، جبکہ فنانسنگ کی مجموعی منظوریوں میں بھی 269 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرضوں کی تقسیم اور منظوری کے اعدادوشمار وزیراعظم کے اپنا گھر پروگرام میں بڑھتی ہوئی پیشرفت اور شہریوں کی دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔



















































