اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستانی ٹی وی میزبان اور اداکارہ کرن خان نے معروف تاجر مرزا اشتیاق بیگ کے ساتھ شادی سے متعلق خاموشی توڑتے ہوئے اپنے فیصلے کی وجوہات بیان کردی ہیں۔
انہوں نے دولت کے لیے شادی کرنے کے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔کرن خان نے حال ہی میں نادیہ خان کے مارننگ شو ’رائز اینڈ شائن‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی، شادی اور شوہر کے ساتھ تعلق کے حوالے سے گفتگو کی۔اداکارہ نے بتایا کہ ابتدا میں ان کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم مرزا اشتیاق بیگ سے وہ پہلے سے واقف تھیں کیونکہ ماضی میں انہیں ان کی فاؤنڈیشن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تھا۔ان کے مطابق زندگی کے ایک مرحلے پر دونوں کو ایک دوسرے کی رفاقت کی ضرورت محسوس ہوئی، لیکن ماضی کے تلخ تجربات کے باعث وہ نئے رشتے کے آغاز سے ہچکچا رہے تھے۔ کرن خان کا کہنا تھا کہ اب انہیں کبھی کبھی یہ خیال آتا ہے کہ دونوں کی ملاقات پہلے کیوں نہیں ہوئی۔اداکارہ نے کہا کہ ایک طویل عرصے تک اکیلے زندگی گزارنے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں کسی اپنے کے ساتھ بانٹنے سے زندگی مزید خوبصورت ہوجاتی ہے۔کرن خان کے مطابق شادی کی پیشکش پہلے مرزا اشتیاق بیگ نے کی تھی۔
انہوں نے معاملے کو غیر ضروری طور پر آگے بڑھانے کے بجائے براہِ راست اداکارہ کے گھر والوں سے ملاقات کی اور شادی کے حوالے سے سنجیدہ گفتگو شروع کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام معاملات توقع سے زیادہ آسانی اور تیزی سے طے پاگئے، جسے انہوں نے اللہ کی رضا اور فیصلے کے طور پر قبول کیا۔پروگرام میں جب ان سے بڑے اور پُرتعیش گھر میں رہنے کے تجربے کے بارے میں پوچھا گیا تو اداکارہ نے کہا کہ ان کے لیے گھر کی وسعت یا شان و شوکت کوئی خاص اہمیت نہیں رکھتی۔ ان کے نزدیک اصل سکون اس جگہ سے ملتا ہے جہاں انسان خود کو محفوظ، مطمئن اور اپنائیت کے احساس سے بھرپور پائے۔
دولت کی خاطر شادی کرنے کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کرن خان نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ محنت کرکے اپنی ضروریات پوری کیں اور شادی سے پہلے بھی ایک اچھی زندگی گزار رہی تھیں۔ ان کے بقول یہ تاثر درست نہیں کہ شادی کے بعد ان کی زندگی غربت سے اچانک امارت میں بدل گئی۔واضح رہے کہ کرن خان اور مرزا اشتیاق بیگ نے رواں سال ستمبر میں مسجد الحرام میں نکاح کیا تھا۔



















































