اسلام آباد (نیوز ڈیسک) واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن فراڈ اور مشکوک کالز سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے،
جس کی مدد سے نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کے بارے میں اضافی معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔دنیا بھر میں سائبر جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے دوران جعل ساز مختلف حیلے بہانوں سے نامعلوم نمبروں کے ذریعے لوگوں سے رابطہ کرتے اور انہیں مالی نقصان پہنچاتے ہیں۔ بعض اوقات معروف شخصیات بھی ایسے فراڈ کا شکار ہو جاتی ہیں۔نئے فیچر کے تحت اگر کسی صارف کو ایسے نمبر سے واٹس ایپ کال موصول ہو جو اس کی کانٹیکٹ لسٹ میں محفوظ نہیں، تو اسکرین پر کال کرنے والے کے نمبر کے ساتھ اس ملک کا نام بھی ظاہر ہوگا جہاں سے کال کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ صارف یہ معلومات بھی حاصل کر سکے گا کہ کال کرنے والا کسی ایسے واٹس ایپ گروپ کا حصہ تو نہیں جس میں وہ خود بھی شامل ہے۔ان تفصیلات کی مدد سے صارف کال موصول کرنے یا اسے نظر انداز کرنے کا فیصلہ کر سکے گا۔ اس کے علاوہ مشکوک نمبر کو بلاک کرنے یا متعلقہ حکام کو رپورٹ کرنے کا اختیار بھی موجود ہوگا۔



















































