اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بابا وانگا سے منسوب نومبر 2026 میں خلائی مخلوق کی زمین پر آمد سے متعلق پیشگوئی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے،
تاہم اس دعوے کی صداقت کے حوالے سے کوئی مستند ثبوت سامنے نہیں آیا۔بلغاریہ سے تعلق رکھنے والی نابینا نجومی بابا وانگا کے بارے میں مشہور ہے کہ انہوں نے ماضی میں کئی بڑے عالمی واقعات کی پیشگوئیاں کی تھیں، جنہیں بعد میں درست قرار دیا گیا۔ ان سے منسوب جنگوں اور قدرتی آفات سے متعلق دعوے اکثر خبروں کا حصہ بنتے رہتے ہیں، لیکن ان کی بعض دیگر پیشگوئیاں بھی وقتاً فوقتاً توجہ حاصل کرتی ہیں۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک دعوے میں کہا جا رہا ہے کہ بابا وانگا نے نومبر 2026 میں ایک بہت بڑے خلائی جہاز کے زمین کی فضا میں داخل ہونے کی پیشگوئی کی تھی، جس کے نتیجے میں انسانوں کا کسی دوسری دنیا کی مخلوق سے پہلی مرتبہ رابطہ ممکن ہوسکے گا۔اسی دوران چینی سائنسدانوں کی قیادت میں کام کرنے والی ایک تحقیقی ٹیم نے زمین سے تقریباً 238 نوری سال کے فاصلے پر واقع ستاروں کے نظام K2-155 کی سمت سے ایک غیرمعمولی ریڈیو سگنل دریافت کیا ہے۔ یہ سگنل چین کی طاقتور ریڈیو دوربین فاسٹ (FAST) کے سابقہ ڈیٹا کا جائزہ لینے کے دوران سامنے آیا،
جس کی فریکوئنسی میں وقت کے ساتھ تبدیلی ریکارڈ کی گئی۔تاہم سائنسدانوں کے مطابق اس پراسرار ریڈیو سگنل کو خلائی مخلوق کی موجودگی کا ثبوت قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اسی طرح بابا وانگا کی جانب سے نومبر 2026 میں خلائی جہاز کی آمد یا زمین پر غیرانسانی مخلوق سے رابطے کی ایسی پیشگوئی کرنے کا کوئی قابلِ اعتماد تاریخی ریکارڈ بھی موجود نہیں۔مزید یہ کہ مذکورہ ریڈیو سگنل دراصل 2021 میں کیے گئے مشاہدات کے ڈیٹا کے تجزیے کے دوران دریافت ہوا ہے، اس لیے اسے نومبر 2026 میں خلائی مخلوق کی آمد سے جوڑنا درست نہیں ہوگا۔



















































