اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سندھ حکومت نے گندم کے نرخوں میں 500 روپے فی من کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 4 ہزار 500 روپے مقرر کردی ہے،
جس کے نتیجے میں آٹے کی قیمت میں فی کلو 17 روپے تک کمی آنے کا امکان ہے۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اس بات کا اعلان کیا۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ صوبے میں آٹے کے نرخ پہلے ہی نیچے آ رہے ہیں، تاہم گندم سستی ہونے سے صارفین کو مزید ریلیف ملنے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گندم کی فی من قیمت پہلے 5 ہزار روپے تھی، جسے کم کرکے اب 4 ہزار 500 روپے کردیا گیا ہے۔
اس طرح فی من نرخ میں 500 روپے کی کمی ہوئی ہے، جبکہ اس فیصلے کے باعث آٹا بھی تقریباً 17 روپے فی کلو سستا ہونے کی توقع ہے۔صوبائی وزیر کے مطابق عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا سندھ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔



















































