اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان آئندہ سال رمضان المبارک کی آمد کے منتظر ہیں۔
اسلامی سال کے نویں مہینے کو خصوصی فضیلت حاصل ہے اور اس دوران مسلمان مذہبی جوش و عقیدت کے ساتھ عبادات اور نیکیوں میں مصروف رہتے ہیں۔ماہِ صیام میں مسلمان طلوعِ فجر سے غروبِ آفتاب تک روزے رکھتے ہیں، نمازوں کی پابندی کرتے ہیں، قرآن مجید کی تلاوت اور دیگر عبادات کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس مبارک مہینے میں ضرورت مندوں کی مدد اور صدقات و خیرات کے ذریعے سخاوت، صبر، برداشت اور دوسروں کا احساس کرنے کا درس بھی دیا جاتا ہے۔پاکستان میں رمضان المبارک کی آمد پر خصوصی تیاریاں کی جاتی ہیں۔ مساجد میں نمازِ تراویح اور دیگر عبادات کے انتظامات کیے جاتے ہیں، جبکہ گھروں اور بازاروں میں بھی ماہِ صیام کے استقبال کے لیے سرگرمیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ابتدائی فلکیاتی حسابات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک 2027 کا آغاز 8 یا 9 فروری کو متوقع ہے۔
تاہم پہلے روزے کی درست تاریخ کا تعین شعبان المعظم کے اختتام پر چاند کی رویت کے بعد ہوگا۔اسی طرح اندازہ لگایا جارہا ہے کہ رمضان المبارک 8 مارچ 2027 کے آس پاس مکمل ہوسکتا ہے۔ اس سال ماہِ صیام 29 یا 30 دن کا ہوگا، جس کا حتمی فیصلہ شوال کا چاند نظر آنے پر کیا جائے گا۔ابتدائی پیش گوئیوں کے مطابق پاکستان میں عیدالفطر 9 یا 10 مارچ 2027 کو منائے جانے کا امکان ہے، تاہم اس تاریخ میں چاند کی رویت کے مطابق تبدیلی ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز، اختتام اور عیدالفطر سے متعلق یہ تمام تاریخیں فلکیاتی اندازوں پر مبنی ہیں۔ ان کا حتمی اعلان پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند دیکھنے کے بعد کرے گی۔



















































