اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)مہنگائی اور سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود پاکستانیوں نے صرف تین ماہ کے دوران 250 ارب روپے سے زائد مالیت کا سونا خرید لیا۔
ورلڈ گولڈ کونسل کی تازہ رپورٹ میں ملک میں سونے کی خریداری کے رجحان سے متعلق اہم اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔نجی ٹی وی چینل ’’24 نیوز‘‘ کے مطابق جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 6.9 ٹن سونا خریدا گیا، جس میں زیورات کے علاوہ سرمایہ کاری کے لیے خریدے گئے سونے کے بسکٹ، اینٹیں اور سکے بھی شامل ہیں۔ موجودہ نرخوں کے حساب سے اس سونے کی مجموعی مالیت 250 ارب 64 کروڑ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔ورلڈ گولڈ کونسل کی رپورٹ کے مطابق زیرِ جائزہ تین ماہ میں زیورات کی تیاری کے لیے 3.1 ٹن سونا خریدا گیا، جس کی قیمت 112 ارب 61 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ تولے کے اعتبار سے یہ مقدار 2 لاکھ 64 ہزار 957 تولے بنتی ہے۔
اسی عرصے میں پاکستانی سرمایہ کاروں نے سونے کی اینٹوں اور سکوں کی صورت میں 3.8 ٹن سونا خریدا، جس کی موجودہ مالیت 138 ارب 3 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2026 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران پاکستان میں سونے کی مجموعی خریداری 25.6 ٹن رہی، جس کی موجودہ قیمت کے مطابق مالیت 929 ارب 91 کروڑ روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے ستمبر تک زیورات کی مد میں 10.1 ٹن سونا خریدا گیا، جبکہ سرمایہ کاری کرنے والوں نے اسی دوران 15.5 ٹن سونا اینٹوں اور سکوں کی شکل میں حاصل کیا۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ملک میں سونے کی خریداری کا رجحان صرف زیورات تک محدود نہیں بلکہ سرمایہ کاری کے لیے بھی بڑی مقدار میں سونا خریدا جارہا ہے۔



















































