اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے،
جس کے تحت دونوں ممالک کے متعلقہ شہریوں کو ایک دوسرے کے ملک میں بغیر ویزا سفر کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔سرکاری میڈیا کے مطابق اس معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل باباکر سمرا مصطفیٰ علی نے دستخط کیے۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اس پیش رفت کو پاک سوڈان تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ویزا استثنیٰ کے معاہدے سے اعلیٰ سطح کے سرکاری رابطوں اور وفود کے باہمی دوروں میں آسانی پیدا ہوگی، جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مزید راستے بھی کھلیں گے۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے بھی اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرے گا۔معاہدے پر دستخط سے قبل سوڈان کے وزیر داخلہ نے محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس کے بعد دونوں ملکوں کے وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ ان گفتگوؤں میں سکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم کی روک تھام، پولیس کی تربیت، ادارہ جاتی روابط اور نادرا سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
مذاکرات کے دوران سائبر کرائم کے خلاف اقدامات میں اشتراک بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے اس شعبے میں پاکستان کے تجربات اور تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں امن کے قیام اور تعمیر نو کے عمل میں معاونت کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق نادرا کے تعاون سے سوڈان میں اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائش کے سرٹیفکیٹس اور پانچ لاکھ اموات کے سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نادرا سوڈان کے سول رجسٹریشن نظام کو بہتر بنانے کے لیے آئندہ بھی تعاون فراہم کر سکتا ہے۔سوڈانی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستانی شہریوں سے شادی کرنے والی سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل کی نشاندہی پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان معاملات کو فوری طور پر حل کیا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے سوڈانی پولیس اہلکاروں کو پیشہ ورانہ تربیت دینے کی پیشکش بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوڈان کے شہری پاکستان میں دستیاب طبی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور انہیں صحت کے شعبے میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان کو اپنا برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ روابط کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی اور پاکستانی حکومت کی معاونت پر اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، انسپکٹر جنرل فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹس، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔



















































