نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ کے لیے مفت نہیں ہے‘ آپ ماہانہ 10300 یا 5300 روپے ادا کر کے ہمارے مستقل واٹس ایپ گروپ میں شامل ہو سکتے ہیں جہاں آپ کو جاوید چودھری کے کالم وقت سے پہلے اور اشتہارات کے بغیر ملیں گے‘ ہمارا واٹس ایپ گروپ ایکٹو ہو چکا ہے‘اس گرو پ میں جاوید چودھری صاحب بھی شامل ہیں‘ آپ جاوید چودھری صاحب سے کالم سے متعلق سوال بھی کر سکتے ہیں‘ وہ خود آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے‘ آپ اس گروپ میں شامل ہونے کے لیے موبائل نمبر 5362221 92332+پر امجد خلیفہ سے رابطہ کر سکتے ہیں لیکن آپ اگر مستقل ممبر نہیں بننا چاہتے تو بھی آپ کو اخلاقی طور پر اس تحریر کی کچھ نہ کچھ پے منٹ ضرور کرنی چاہیے‘ آپ خود اس تحریر کی قیمت کا فیصلہ کر کے اپنی رقم 5366774 0310موبائل نمبر پر جمشید خان کو ایزی پیسہ کر سکتے ہیں۔
جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو (دوسرا حصہ)
قمرزمان چودھری کا کہنا تھا ’’میں جنرل ضیاء الحق کے ساتھ چار سال سائے کی طرح رہا‘ میں ان کا اکیلا اے ڈی سی ہوتا تھا‘ میں صبح ناشتے کے وقت آرمی چیف ہائوس آتا تھا‘ میں اور صدر کے ملٹری سیکرٹری انہیں لے کر دفتر آ جاتے تھے‘ میں ڈرائیور کے ساتھ جب کہ ملٹری سیکرٹری صدر کے ساتھ بیٹھتے تھے‘
وہ راستہ بھر صدر کو دن بھر کی مصروفیات کے بارے میں بریف کرتے رہتے تھے‘ صدر کے آفس میں ڈپٹی ملٹری سیکرٹری سمیت دیگر سٹاف بھی تھا‘ لیفٹیننٹ کرنل عزیز (یہ بعدازاں لیفٹیننٹ جنرل بنے اور جنرل پرویزمشرف کے مارشل لاء میں اہم کردار ادا کیا ) ہمارے ڈپٹی ملٹری سیکرٹری تھے‘ میں تین بجے تک صدر کے ساتھ رہتا تھا‘ تین بجے سکوائش کھیلنے چلا جاتا تھا‘ شاور لیتا تھا‘ تھوڑی دیر آرام کرتا تھا اور صدر کو دوبارہ چھ بجے جوائن کر لیتا تھا اور پھر رات صدر کے بیڈروم جانے تک ان کے ساتھ رہتا تھا‘ صدر کی فیملی بھی میرے ذریعے اپنے ذاتی کام کراتی تھی چناں چہ آپ کہہ سکتے ہیں میں چار سال ان کی زندگی اور وہ میری زندگی کا حصہ رہے‘‘ میں نے ان سے پوچھا ’’ صدر گھر واپس آ کر کیا کرتے تھے؟‘‘ قمرزمان صاحب نے بتایا ’’جنرل ضیاء الحق فیملی پرسن تھے‘ وہ اپنی بیگم سے بہت محبت کرتے تھے‘ بزرگ ہونے کے باوجود وہ بیگم سے جوانوں کی طرح رومانس کرتے تھے‘ ہم اگر کبھی کسی آفیشل فنکشن کے لیے بیگم صاحبہ کو صدر کے ساتھ لے کر جاتے تھے تو یہ دونوں پچھلی سیٹ پر بیٹھ کر اس طرح گفتگو کرتے تھے جیسے ان کی شادی چند ماہ قبل ہوئی ہے‘ وہ اپنی بیگم کو بہت پیمپر کرتے تھے‘ کھل کر تعریف کرتے تھے‘
پورے خاندان کی چغلیاں لگاتے تھے مثلاً صدر بیگم صاحبہ سے کہتے تھے تمہاری چچی یا فلاں خالہ اس قسم کی تھی اور فلاں نے کس وقت کیا کیا تھا وغیرہ وغیرہ‘ وہ دونوں آپس میں پنجابی زبان میں گفتگو کرتے تھے‘ بیگم صاحبہ نے پورے چار برس میرے ساتھ پنجابی میں گفتگو کی‘میں نے ان کے منہ سے کبھی اردو نہیں سنی‘ صدر صاحب کی صاحب زادی زین سپیشل تھی‘ صدر گھر میں داخل ہوتے ہی اس کے ساتھ گفتگو شروع کر دیتے تھے‘ اس کے ساتھ کھیلتے تھے اور اس دوران اپنی ساری مصروفیات بھول جاتے تھے‘ صدر کی والدہ حیات تھیں ‘وہ ان کو بہت وقت دیتے تھے‘ بیگم کے ساتھ بڑی کھلی ڈلی گفتگو کرتے تھے‘ پورا خاندان انڈین فلموں کا شیدائی تھا‘ انڈیا کی ہر نئی پرانی فلم دیکھتے تھے‘ وی سی آر آ چکا تھا‘ ملازم کیسٹ لے کر آتے تھے اور پورا خاندان اکٹھا فلمیں دیکھتا تھا‘ زین شترو گھن سنہا کی فین تھی لہٰذا صدر نے شترو گن سنہا کو پاکستان بلایا‘ گھر پر کھانے کی دعوت دی اور پورا خاندان گھنٹوں اس کے ساتھ گپ لگاتا رہا‘ شتروگھن سنہا صدر کے انتقال کے بعد بھی ضیاء خاندان سے رابطے میں رہا‘ صدر اپنی تنخواہ میں گزارہ کرتے تھے‘ آپ ان کی ایمان داری کا اندازہ اس سے لگا لیجیے جنرل ضیاء الحق نے پوری زندگی سرکار سے کوئی پلاٹ نہیں لیا‘ 1988ء میں ان کا انتقال ہوا تو ضیاء فیملی کے پاس کوئی گھر نہیں تھا‘ چودھری شجاعت نے ویسٹرج میں اپنا گھر خالی کر کے ضیاء فیملی کو دیا‘ آرمی چیف جنرل اسلم بیگ نے مرحوم جنرل ضیاء الحق کی فیملی کے لیے مال روڈ پر پلاٹ الاٹ کیا اور صدر کی گریجویٹی اور فوجی فنڈز سے گھر مکمل ہوا‘ جنرل صاحب کے انتقال کے بعد دونوں بیٹوں کو گھر چلانے کے لیے کام کرنا پڑا‘ اعجاز الحق سیاست میں آ گئے جب کہ دوسرا بیٹا ڈاکٹر انوارالحق ملازمت کرتا رہا‘ جنرل صاحب کی لیونگ بہت سادا تھی‘ پرانے آرمی چیف ہائوس میں رہے‘ پنجابی زبان میں گالیاں دیتے تھے تاہم یہ سہولت صرف ان کے دوستوں کو دستیاب تھی‘وہ ماتحتوں اور ملازموں کو برا بھلا نہیں کہتے تھے‘ ہم میں سے کوئی شخص بہت زیادہ سستی یا غلطی کر بیٹھتا تھا تو اسے زیادہ سے زیادہ یہ کہتے تھے’’ تم بہت بڑے کدو ہو‘‘ کدو ان کی طرف سے ماتحت یا ملازم کے لیے بہت بڑی گالی ہوتی تھی‘‘۔
میں نے قمرزمان سے پوچھا ’’کیا جنرل ضیاء الحق آغا شاہی سے بہت متاثر تھے‘‘ ان کا جواب تھا ’’جنرل ضیاء الحق آغا شاہی کو پسند کرتے تھے‘ وہ ان کا وزیر خارجہ تھا لیکن آغا شاہی عجیب و غریب انسان تھے‘ وہ بے انتہا خاموش اور غیرحاضر دماغ انسان تھے‘ ان کی موجودگی صرف اس وقت محسوس ہوتی تھی جب وہ گفتگو کرتے تھے‘ عام حالات میں وہ خاموش بیٹھے رہتے تھے‘ وہ کرسی یا صوفے پر بیٹھ کر اپنے خیالات میں گم ہو جاتے تھے اور گردوپیش سے لاتعلق ہو جاتے تھے‘ ہمیں انہیں باقاعدہ ہلا کر بتانا پڑتا تھاسر صدر آپ کو اندر بلا رہے ہیں‘ مجھے ان کا ڈرائیور بتاتا تھا‘ ہم جب انہیں اسلام آباد سے راولپنڈی لاتے ہیں اور ہماری گاڑی صدر کے آفس یا رہائش گاہ پہنچ جاتی ہے تو بھی یہ اندر بیٹھے رہتے ہیں اور ہمیں انہیں باقاعدہ بتانا پڑتا ہے سر ہم پہنچ چکے ہیں اور اگر ہم انہیں نہ بتائیں تو یہ شاید سارا دن گاڑی ہی میں بیٹھے رہیں اور یہ سمجھتے رہیں ہم ابھی راستے میں ہیں‘ آغا شاہی ایک بار صدر کے آفس آئے تو میں نے دیکھا ان کے کوٹ کے کالر میں چونی کے سکے کے برابر سوراخ ہے اور اس سے باقاعدہ دھواں اٹھ رہا ہے‘ مجھے محسوس ہوا آغا شاہی صاحب کے کوٹ کو آگ لگی ہوئی ہے‘ میں نے ان کی توجہ کوٹ کی طرف مبذول کرائی تو وہ تھوڑی دیر حیرت سے میری طرف دیکھتے رہے‘ مجھے محسوس ہوا انہیں میری بات سمجھ نہیں آ رہی‘ میں ان کے قریب گیا اور کالر کے سوراخ پر انگلی رکھ کر انہیں بتایا سر مجھے لگتا ہے یہ جل گیا ہے‘ انہوں نے گھبرا کر کالر کی طرف دیکھا اور پھر اسے جھاڑ کر بولے اف یہ میرے واہیات سگار کا کارنامہ ہے‘ آغا شاہی نے غلطی سے اپنا سگار اپنے کوٹ کے کالر پر رکھ کر بجھا دیا تھا‘ وہ اس قدر غیرحاضر دماغ تھے‘‘۔
میں نے ان سے پوچھا ’’کیا اس زمانے میں آپ کی کبھی میاں نواز شریف سے ملاقات ہوئی؟‘‘ ان کا جواب تھا ’’میاں نواز شریف ایک بار جنرل جیلانی کے ساتھ صدر ضیاء الحق سے ملاقات کے لیے آئے تھے‘ جنرل جیلانی اندر چلے گئے تھے جب کہ میاں صاحب میرے پاس بیٹھ گئے تھے‘ وہ سرخ و سپید اورویل بلٹ نوجوان تھے‘ ان کے سر پر گھنے بال تھے اور انہوں نے بڑے خوب صورت کپڑے پہن رکھے تھے‘ میری ان سے گپ شپ ہوئی‘ وہ ملاقات کے بعد لاہور واپس چلے گئے‘ میاں نواز شریف نے اس کے بعد میرے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا‘ میں 1982ء میں سول سروس میں چلا گیا‘ میری ابتدائی پوسٹنگ فرنٹیئر (آج کے پی) میں تھی‘ اس کی وجہ ہمارا پنجابی کلچر تھا‘ ہم پنجابی مامے چاچے پر بہت یقین رکھتے ہیں لہٰذا آپ اگر بااثر ہیں یا کسی بہتر پوزیشن پر ہیں تو آپ کا کوئی نہ کوئی ماما یا چچا ہر قسم کے جائز اور ناجائز کام کے لیے آپ کے پاس پہنچ جاتا ہے جس سے ظاہر ہے انسان کے کام میں حرج ہوتا ہے جب کہ سول سروس جان جوکھم کا کام ہے‘ آپ کو ہر وقت تیار اور ایکٹو رہنا پڑتا ہے لہٰذا میں نے پنجاب سے باہر پوسٹنگ لے لی اور اس کا یہ فائدہ ہواچچائوں اور ماموئوں کو مجھ سے ملنے کے لیے خاصا فاصلہ طے کرنا پڑتا تھا‘
میں شروع میں بنوں میں اے سی تھا‘ غلام اسحاق خان کا گائوں اسماعیل خیل بنوں میں تھا‘ وہ اس وقت چیئرمین سینیٹ تھے‘ ان کے بھائی رفیق اسحاق خان گائوں کا انتظام چلاتے تھے لہٰذا مجھے ان کے پاس آنا جانا پڑتا تھا‘ ایک بار ان کے گائوں میں سکول کا افتتاح تھا‘ غلام اسحاق خان نے افتتاح کے لیے آنا تھا لیکن وہ عین وقت پر نہیں آئے اور افتتاح گورنر فرنٹیئر جنرل فضل حق نے کیا‘ یہ افتتاح کے بعد لوگوں کو یہ کہہ کر چھیڑتے رہے’’ تمہارا بابا آج بھی نہیں آیا‘‘ یہ سن کر مجھے سعید مہدی صاحب کی کتاب کا ایک واقعہ یاد آ گیا‘ جنرل ضیاء الحق کے طیارے کے حادثے کے بعد چیئرمین سینیٹ غلام اسحاق خان آئین کے مطابق صدر بن گئے اور ملک کے تمام اختیارات ان کے ہاتھ میں چلے گئے‘ میاں نواز شریف اس وقت مری سے راولپنڈی آ رہے تھے‘ صدر اسحاق خان نے انہیں میٹنگ کے لیے ایوان صدر بلا لیا‘ وہ اس وقت جنرل فضل حق کے ساتھ بیٹھے تھے‘ وہ انہیں بھی ایوان صدر میں ساتھ لے گئے‘ میٹنگ کے دوران جنرل فضل حق نے مشورہ دیا فوج کو فوری طور پر ملک میں مارشل لاء لگا دینا چاہیے‘ صدر غلام اسحاق خان برا مان گئے اور انہوں نے ان سے پوچھا‘ آپ کو یہاں آنے کی کس نے دعوت دی تھی‘ فضل حق نے جواب دیا‘ مجھے نواز شریف ساتھ لے کر آئے ہیں‘ صدر نے کہا‘ آپ پھر اس قسم کے مشورے پنجاب جا کر دیں‘ آپ یہاں بغیر دعوت کے تشریف لائے ہیں‘ ہم اگر اس واقعے کو غلام اسحاق خان کے گائوں کے سکول کے افتتاح سے ملا کر دیکھیں تو اس کا مطلب یہ نکلتا ہے فضل حق اور غلام اسحاق خان کے درمیان پرانے اختلافات تھے۔
قمر زمان چودھری صاحب نے مزید بتایا ’’میں سول سروس جوائن کرنے کے بعد کے پی چلا گیا‘ مجھے وہاں بھی میاں نواز شریف کا فون آتا تھا اور وہ میری خیر خیریت معلوم کرتے رہتے تھے‘ یہ ایوان صدر کی چھوٹی سی ملاقات کے بعد مجھے کبھی نہیں بھولے‘ یہ ان کی خوبی ہے‘‘ یہ اس کے بعد دوبارہ غلام اسحاق خان کی طرف آئے اور بتایا ’’محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1993ء کے الیکشنز سے قبل ان سے وعدہ کیا تھا میں وزیراعظم بننے کے بعد آپ کو دوبارہ صدر بنادوں گی لیکن محترمہ الیکشن جیتنے کے بعد وعدے سے پھر گئیں‘‘ میں نے لقمہ دیا ’’محترمہ نے یہ وعدہ جنرل کاکڑ (آرمی چیف) سے کیا تھا لیکن الیکشن کے بعد انہوں نے آرمی چیف سے کہا‘ میری پارٹی نہیں مان رہی‘ پارٹی صدارت کسی پرانے ورکر کو دینا چاہتی ہے جس کے بعد غلام اسحاق خان کا پتا کٹ گیا‘‘ قمر زمان صاحب نے فوراً ہاں میں سر ہلایا اور بتایا ’’غلام اسحاق خان عزت دار شخص تھے‘ ملک میں ان کی بہت عزت تھی‘ انہیں چاہیے تھا وہ انکار کے بعد خاموش ہو کر بیٹھ جاتے لیکن محترمہ کے انکار کے بعد وہ صدارت کے لیے دروازے دروازے دھکے کھاتے رہے اور ہر دروازے سے انہیں انکار ہوگیا‘ مرحوم کو یہ نہیں کرنا چاہیے تھا‘ انہیں گریس اور عزت کے ساتھ رخصت ہو جانا چاہیے تھا‘ انہوں نے اپنے ساتھ زیادتی کی‘‘ میں نے عرض کیا ’’عزت اللہ تعالیٰ دیتا ہے لیکن بعض لوگ پوری زندگی اللہ تعالیٰ کی اس مہربانی کو ٹھڈے مارتے رہتے ہیں‘ صدر غلام اسحاق خان نے بھی یہی کیا تھا‘ اللہ تعالیٰ نے انہیں عزت دی مگر وہ اس عزت کو برباد کر کے دنیا سے رخصت ہوئے‘‘ قمر زمان نے مجھ سے اتفاق کیا۔



















































