اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی ملازمین کے لیے ورک پرمٹ کے حصول کا عمل آسان بناتے ہوئے 13 مختلف اقسام کے اجازت ناموں کے لیے اضافی معاون دستاویزات جمع کرانے کی شرط ختم کردی ہے۔
خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای کی وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن نے حکومت کے زیرو بیوروکریسی پروگرام کے تحت نئی انتظامی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن کا مقصد ملازمت اور ورک پرمٹ سے متعلق کارروائیوں کو کم وقت میں مکمل کرنا ہے۔نئے اقدامات کے تحت مختلف ورک پرمٹس کے درخواست فارم میں معلومات فراہم کرنے کے لیے درکار خانوں کی تعداد میں 75 سے 97 فیصد تک کمی کردی گئی ہے، جبکہ اجازت نامے جاری کرنے کا دورانیہ بھی مختصر کردیا گیا ہے۔اس سہولت سے پاکستان سے ہر ماہ تقریباً 30 ہزار اماراتی ویزے حاصل کرنے والے افراد سمیت دیگر ممالک کے کارکنوں کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق آجر متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی درخواستیں مکمل طور پر آن لائن جمع کراسکیں گے۔معاون دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی پابندی ختم ہونے سے بیرون ملک سے نئے ملازمین کی بھرتی، نئی ملازمت شروع کرنے اور ایک ادارے سے دوسرے ادارے میں ملازمت کی منتقلی کا عمل پہلے سے زیادہ سہل ہوجائے گا۔وزارت کے مطابق جن 13 اقسام کے ورک پرمٹس کو اس سہولت میں شامل کیا گیا ہے، ان میں بیرون ملک سے بھرتی کے لیے دو سالہ ورک پرمٹ، دو سالہ ٹرانسفر پرمٹ، گولڈن ریزیڈنسی رکھنے والوں کے لیے ورک پرمٹ اور فری لانس اجازت نامہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خاندان کے زیر کفالت رہنے والے افراد، جزوقتی ملازمین، عارضی کارکنوں، مشن ورک، نجی ٹیوشن، طلبہ کی تربیت اور ملازمت، 15 سے 18 سال سے کم عمر نوجوانوں، اماراتی اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے شہریوں سمیت قومی تربیت حاصل کرنے والے افراد کے ورک پرمٹس بھی نئی اصلاحات کا حصہ ہیں۔وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد کاروباری اداروں کے لیے انتظامی مشکلات کم کرنا، ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اور ملک کی لیبر مارکیٹ کو مزید مؤثر بنانا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل بنانے اور درخواستوں کے طریقہ کار میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اصلاحات کے اگلے مرحلے پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔



















































