اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری اداروں اور افراد کے لیے سخت سزاؤں اور بھاری جرمانوں کا تعین کر دیا گیا ہے۔
نئے قانون کے تحت خلاف ورزی ثابت ہونے پر 80 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ اور دو سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی۔عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے بتایا ہے کہ صارفین کے تحفظ سے متعلق یہ جامع قانون مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے دوران صارفین کے حقوق کو ایک مشترکہ قانونی نظام کے تحت تحفظ فراہم کرے گا۔ قانون سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے 180 دن بعد نافذ العمل ہوگا اور اس کے نفاذ کے بعد تین موجودہ قوانین کی جگہ لے گا، جن میں انسدادِ تجارتی فراڈ، ای کامرس اور تجارتی ڈیٹا سے متعلق قوانین شامل ہیں۔نئے قانون میں مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے اور دیگر سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔ ان میں قید اور مالی جرمانے کے علاوہ کاروباری سرگرمیاں عارضی طور پر بند کرنا، ناقص یا غیر معیاری مصنوعات ضبط کرنا اور صارفین کو متعلقہ خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے وارننگ جاری کرنا بھی شامل ہے۔قانون کے تحت صارفین اور کاروباری اداروں کے درمیان تنازعات نمٹانے کے لیے بھی بہتر طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔
خصوصاً چھوٹے نوعیت کے مقدمات کے لیے آسان نظام وضع کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ افراد کو کم وقت میں انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔اس قانون میں ہنگامی حالات، بحرانوں اور وبائی امراض کے دوران صارفین کو غیر معمولی مہنگائی سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ایسی صورتحال میں حکومت عارضی طور پر قیمتوں کو کنٹرول کر سکے گی، اشیا پر منافع کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کی جا سکے گی اور کاروباری اداروں کو قیمتوں میں اضافہ کرنے سے پہلے متعلقہ حکام سے منظوری لینا ہوگی۔



















































