لاہور (این این آئی)لاہور میں کاہنہ کے علاقہ میں نجی فارم ہائوس پر شیر کے حملے سے 19سالہ کیئر ٹیکر جاں بحق ہوگیا۔
پنجاب وائلڈلائف نے اطلاع ملنے پر قانونی کارروائی شروع کردی، واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، زخمی کیئر ٹیکرکو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گیا۔وائلڈ لائف حکام نے کہا کہ پولیس نے بریڈنگ فارم مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کیاہے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کاہنہ پولیس نے فارم ہاس مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کر لیا، حملہ آور شیرنی کو فارم ہائوس سے وائلڈ لائف کی تحویل میں دے دیا گیا، نعمان ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاس پہنچا تھا جہاں شیرنی قابو سے باہر ہو گئی، شیرنی کے حملے سے فارم کا ملازم 19سالہ طلحہ شدید زخمی ہو گیا۔زخمی طلحہ کو علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ واقعے کی حقیقت چھپانے کے لیے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ مشکوک صورتحال کی جانچ کی گئی تو شیرنی کے حملے کا انکشاف ہوا۔ متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے، شیرنی رکھنے کے اجازت نامے، حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت کے پہلوئوں کی جانچ جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ٹک ٹاک کا شوق کسی انسانی جان سے بڑھ کر نہیں ہو سکتا، واقعے کی حقیقت چھپانے کی کوشش اور غفلت کے تمام پہلوں کی تحقیقات ہوں گی، شوق یا تفریح کے نام پر انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔



















































