اسلام آباد (نیوز ڈیسک) راولپنڈی میں پاکستان آئل فیلڈز کی زیرِ زمین ہائی پریشر پائپ لائن سے خام تیل چوری کرنے کا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے۔
ملزمان نے مبینہ طور پر 181 فٹ لمبی سرنگ بنا کر پائپ لائن کو ایک رہائشی مکان کے ساتھ منسلک کر رکھا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران تین افراد کو حراست میں لے کر مکان کے زیرِ زمین ٹینک سے 1431 لیٹر خام تیل برآمد کرلیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان آئل فیلڈز کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے پائپ لائن پر غیر قانونی کلیمپ لگا کر تقریباً 1100 بیرل تیل چوری کیا، جس کی مجموعی مالیت سوا دو کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان آئل فیلڈز زیرِ زمین ذخائر سے نکالا جانے والا خام تیل ہائی پریشر پائپ لائنوں کے ذریعے راولپنڈی میں واقع اٹک آئل ریفائنری تک پہنچاتی ہے۔ کمپنی کو گزشتہ کچھ عرصے سے رنیال اور مورگاہ کے درمیان پائپ لائن سے تیل چوری ہونے کی شکایات موصول ہورہی تھیں۔ایف آئی آر کے مطابق 8 نومبر کو کمپنی کے اہلکاروں نے رنیال کے علاقے میں ایک مکان کے باہر خام تیل کی بو محسوس کی، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ گھر کی تلاشی کے دوران کار پورچ میں کھڑی گاڑی کے نیچے تعمیر کیے گئے زیرِ زمین ٹینک سے خام تیل ملا۔
مزید تحقیقات اور کھدائی سے معلوم ہوا کہ قریبی خالی پلاٹ کے نیچے سرنگ بنا کر پائپ لائن سے مکان تک غیر قانونی راستہ قائم کیا گیا تھا۔تفتیشی افسر رضوان اعوان کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر تقریباً ایک سال پہلے منصوبہ بندی اور علاقے کی نگرانی کے بعد مکان کرائے پر لیا تھا۔ سرنگ تیار کرنے میں تین ماہ کا عرصہ لگا، جس کے بعد رات کے وقت پائپ لائن سے تیل نکالا جاتا اور اسے ایک یا دو روز تک ذخیرہ کرنے کے بعد گاڑیوں کے ذریعے دوسری جگہ منتقل کردیا جاتا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران بعض نجی پیٹرول پمپ مالکان اور دکانداروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ کارروائی کے دوران تیل چوری کے لیے استعمال ہونے والے پائپ، کلیمپ اور دیگر آلات قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جبکہ واقعے کے مزید پہلوؤں اور ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔



















































