اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں دسمبر 2026 کے دوران قائداعظم ڈے اور کرسمس کے موقع پر سرکاری تعطیل کے باعث پانچ روزہ ورکنگ ویک والے سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین اور طلبہ کو مسلسل تین دن آرام کا موقع ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش اور مسیحی برادری کا مذہبی تہوار کرسمس 25 دسمبر 2026 کو جمعے کے روز منایا جائے گا۔ اس مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ چونکہ 25 دسمبر جمعہ ہے، اس لیے پانچ روزہ ہفتہ وار نظام کے تحت کام کرنے والے دفاتر اور تعلیمی اداروں میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں یکے بعد دیگرے آئیں گی۔ اس طرح ملازمین اور طلبہ 25 سے 27 دسمبر تک تعطیلات سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔دوسری جانب چھ روزہ ورکنگ ویک رکھنے والے اداروں میں ہفتہ 26 دسمبر معمول کا کام یا تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکتی ہیں، جبکہ اتوار کو ہفتہ وار تعطیل ہوگی۔ تاہم کابینہ ڈویژن کے سالانہ تعطیلاتی کیلنڈر کے مطابق 26 دسمبر کو مسیحی سرکاری ملازمین کے لیے کرسمس کے اگلے دن کی خصوصی چھٹی بھی مقرر کی گئی ہے۔
اس شیڈول کے تحت مسیحی ملازمین کو 25 دسمبر کرسمس اور 26 دسمبر کی خصوصی تعطیل کے باعث دو روز چھٹی ملے گی۔واضح رہے کہ کابینہ ڈویژن نے 19 جنوری 2026 کو سالانہ سرکاری تعطیلات کا کیلنڈر جاری کیا تھا، جس میں 25 دسمبر کو قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت اور کرسمس کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل مقرر کی گئی ہے۔



















































