اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پاکستان سمیت دنیا بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں کئی روز تک قیمتیں گرنے کے بعد سونے اور چاندی کے نرخوں میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،
جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 3 لاکھ 84 ہزار روپے سے تجاوز کرگیا۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 7 ہزار 800 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 84 ہزار 136 روپے ہوگئی۔اسی طرح 24 قیراط کے 10 گرام سونے کے نرخ 6 ہزار 687 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 29 ہزار 334 روپے پر پہنچ گئے، جبکہ 22 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار 130 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 3 لاکھ ایک ہزار 900 روپے ہوگئی۔بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس نرخ 78 ڈالر بڑھ کر 3 ہزار 616 ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
سونے کے ساتھ چاندی بھی مہنگی ہوگئی۔ پاکستان میں فی تولہ چاندی کی قیمت 135 روپے اضافے کے بعد 4 ہزار 735 روپے ہوگئی، جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 1.35 ڈالر مہنگی ہوکر 42.57 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔سونے کو طویل عرصے سے سرمایہ کاری کا ایک محفوظ ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔ معاشی بے یقینی، مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام کے دوران سرمایہ کار عموماً دیگر اثاثوں کے بجائے سونے میں سرمایہ لگانے کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ اسے صدیوں سے دولت محفوظ رکھنے اور لین دین کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔دریں اثنا پاکستان میں سونے کی قیمت مقرر کرنے کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی نرخ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت سے 20 ڈالر زیادہ مقرر کیے گئے تھے۔



















































