اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)بھارت میں ہونے والی ایک شادی اس وقت منسوخ ہوگئی جب دلہا کے اہل خانہ کو معلوم ہوا کہ دلہن کی سرکاری ملازمت مستقل نہیں بلکہ عارضی نوعیت کی ہے،
جس کا ذکر رشتہ طے کرتے وقت نہیں کیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے کی تفصیلات ایک شخص کے دوست نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر شیئر کیں۔ پوسٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کا رابطہ رشتہ تلاش کرنے والی ایک موبائل ایپ کے ذریعے ہوا تھا اور بعد میں منگنی بھی طے پا گئی، تاہم لڑکی کی تعلیمی قابلیت اور ملازمت سے متعلق معلومات پر دونوں خاندانوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے۔ریڈٹ پر شیئر کی گئی معلومات کے مطابق لڑکی نے نجی کالج سے بیچلر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی تھی اور ریاستی حکومت کے ایک محکمے میں ملازمت کر رہی تھی، لیکن اس کی نوکری کنٹریکٹ یا عارضی بنیادوں پر تھی۔ مبینہ طور پر اس حقیقت کا ذکر اس نے اپنی رشتہ پروفائل میں نہیں کیا تھا۔لڑکی نے اپنے شریک حیات کے انتخاب کے لیے کچھ معیار بھی مقرر کیے تھے، جن میں مناسب آمدنی، اپنا گھر اور گاڑی ہونا، جبکہ قد بھی ایک خاص حد سے زیادہ ہونا شامل تھا۔ تاہم، لڑکے کے پروفائل میں اس کا قد 5 فٹ 5 انچ درج تھا، جس سے لڑکی پہلے ہی واقف تھی۔پوسٹ میں بتایا گیا کہ لڑکے نے ایک نامور ادارے سے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی تھی، جبکہ بیرون ملک یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔
وہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) میں سائنسدان کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا، جہاں اسے اچھی تنخواہ ملتی تھی اور وہ مالی طور پر مستحکم زندگی گزار رہا تھا۔دونوں خاندانوں کے درمیان رشتہ طے ہونے کے بعد شادی کی تاریخ بھی مقرر کردی گئی تھی، لیکن لڑکی کی ملازمت مستقل نہ ہونے کا انکشاف سامنے آنے پر لڑکے کے گھر والوں نے رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے تقسیم ہوگئی۔ بعض افراد نے لڑکے کے خاندان کے اقدام کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ شادی جیسے اہم رشتے میں ملازمت اور دیگر بنیادی حقائق چھپانا اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے، اس لیے ابتدا ہی سے تمام معلومات صاف اور درست انداز میں بتانی چاہئیں۔تاہم، کچھ صارفین نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ صرف ایک جانب سے سامنے آنے والی کہانی سن کر کسی بھی فریق کو قصوروار ٹھہرانا مناسب نہیں اور مکمل حقائق سامنے آنے تک رائے قائم کرنے میں احتیاط برتنی چاہیے۔



















































