اتوار‬‮ ، 22 ‬‮نومبر‬‮ 2026 

بوسنیا میں چار دن

datetime 22  ‬‮نومبر‬‮  2026

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ کے لیے مفت نہیں ہے‘ آپ ماہانہ 10300 یا 5300 روپے ادا کر کے ہمارے مستقل واٹس ایپ گروپ میں شامل ہو سکتے ہیں جہاں آپ کو جاوید چودھری کے کالم وقت سے پہلے اور اشتہارات کے بغیر ملیں گے‘ ہمارا واٹس ایپ گروپ ایکٹو ہو چکا ہے‘اس گرو پ میں جاوید چودھری صاحب بھی شامل ہیں‘ آپ جاوید چودھری صاحب سے کالم سے متعلق سوال بھی کر سکتے ہیں‘ وہ خود آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے‘ آپ اس گروپ میں شامل ہونے کے لیے موبائل نمبر   5362221  92332+پر امجد خلیفہ سے رابطہ کر سکتے ہیں لیکن آپ اگر مستقل ممبر نہیں بننا چاہتے تو بھی آپ کو اخلاقی طور پر اس تحریر کی کچھ نہ کچھ پے منٹ ضرور کرنی چاہیے‘ آپ خود اس تحریر کی قیمت کا فیصلہ کر کے اپنی رقم  5366774 0310موبائل نمبر پر جمشید خان کو ایزی پیسہ کر سکتے ہیں۔

بوسنیا میں چار دن

’’میری عمر اس وقت پانچ سال تھی‘ جنگ کی وجہ سے واٹر سپلائی بند ہو چکی تھی‘ ہمیں پینے کے لیے پانی چھت سے لانا پڑتا تھا‘ ہم فلیٹس میں رہتے تھے‘ میں ایک دن سیڑھیاں چڑھ کر اوپر جا رہی تھی اچانک خوف ناک دھماکا ہوا اور ہمارے سامنے کی اپارٹمنٹ بلڈنگ نیچے گر گئی‘ عمارت کو سربوں نے گولے کا نشانہ بنادیاتھا‘ میں ڈر گئی اور اونچی آواز میں چیخنا شروع کر دیا‘ میری ماں بھاگ کر اوپر آئی‘ میں دیوار کے ساتھ کھڑی ہو کر رو رہی تھی‘ میرا پورا جسم لرز رہا تھا‘ میری ماں نے مجھے اپنے سینے سے لگا لیا‘ وہ بھی رو رہی تھی‘ میں آج تک اس لمحے کو نہیں بھلا سکی‘‘ ایما اپنے بچپن کے واقعات سنا رہی تھی‘ اس کی آنکھوں میں اس وقت بھی خوف تھا‘ ریستوران کی فضا اچانک اداس ہو گئی۔

ایما دل چسپ خاتون ہے۔ ’’بیوٹی ود برین‘‘ انتہائی پڑھی لکھی اور دور اندیش ہے‘ جوانی میں ’’مس بوسنیا‘‘ رہی‘ دس سال امریکا میں کام کیا‘ بوسنیا کی فارن منسٹری کے ساتھ بھی کام کرتی رہی اور انٹیریئر ڈیکوریشن کا بھی شوق ہے‘ یہ سردار افتخار کی بیوی ہے‘ سردار افتخار کشمیری ہیں‘ جوانی میں جرمنی گئے‘ وہاں مختلف کام کیے‘ بزنس شروع کیا‘ پیسے کمائے اور دوبئی میں رئیل سٹیٹ کا کام شروع کر دیا‘ وہاں سے بھی پیسے کمائے‘ بوسنیا آئے‘ گزرتے گزرتے سراجیو کے مضافات میں زرعی زمین خرید لی‘ ایما سے ملاقات ہوئی‘ دونوں ایک دوسرے کے ’’سول میٹ‘‘ نکلے‘ شادی کی اوریہ آخر میں سراجیو میں ٹک گئے‘ میں پانچ چھ ماہ سے سردار افتخار کے ساتھ بوسنیا کا منصوبہ بنا رہا تھا لیکن مصروفیات راستے کی رکاوٹ بن جاتی تھیں‘ بہرحال میں 14 نومبر 2026ء کو سراجیو پہنچ گیا‘ یہ میرا بوسنیا کا دوسرا سفر تھا‘ میں 1998ء میں پہلی بار بوسنیا گیا تھا‘ وہ اس وقت جنگ سے بری طرح تباہ حال تھا‘ شہر میں بجلی اور پانی تک دستیاب نہیں تھا‘ خوراک کی شدید قلت تھی‘ لوگ کچی سبزیاں اور فروٹ کھاتے تھے‘ اولڈ ٹائون میں صرف ایک نان بائی تھا جس کے سامنے لمبی لائین لگی رہتی تھی‘ ہوٹلوں میں بھی کھانا نہیں ملتا تھا‘ غسل کے اوقات طے تھے‘ ہوٹل میں صبح آٹھ سے نو بجے تک صرف ایک گھنٹہ پانی آتا تھا‘ بالٹی اورر مگ سے نہانا پڑتا تھا اور کموڈ کو بھی مگ سے ہی صاف کیا جاتا تھا‘ میں وہاں بمشکل ایک دن گزار سکا تھا لیکن اب 27 سال بعد بوسنیا مکمل طور پر مختلف ملک تھا‘ یہ انتہائی خوب صورت اور نظم وضبط سے بھرپور تھا‘ ہر چیز کی فراوانی اور ترتیب تھی‘ یہ حقیقتاً یورپی ملک لگتا تھا‘یورپ کے عین وسط میں ایک اسلامی ملک جس میں روزانہ پانچ وقت اذان ہوتی ہے اور حلال کھانا ملتا ہے ماشاء اللہ ۔

سردار افتخار مجھے ائیرپورٹ سے سیدھا ایما کے پاس لے گئے‘ ایما سپا (حمام) چلا رہی ہے‘ یہ سراجیو کے واحد اعلیٰ درجے کے حمام ہیں‘ دونوں میاں بیوی مجھے کھانے کے لیے پرانے ریستوران میں لے گئے‘ ریستوران براجلویک (Brajlovic) فیملی کے نام پر تھا‘ وہ لوگ قصاب تھے اور انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے بعد 1945ء میں شہر کی بڑی قصاب شاب بنائی جو آہستہ آہستہ ریستوران میں تبدیل ہو گئی‘ ریستوران کے ماتھے پر 1945ء کا ہندسہ لکھا تھا‘ اس میں صرف گوشت ملتا ہے‘ کھانے کا معیار انتہائی عمدہ تھا‘ گوشت کے ساتھ تازہ گرم روٹی اور دودھ کی بالائی دی جاتی ہے‘ گرم روٹی کے ساتھ بالائی جنت کا سواد دیتی ہے لیکن وہاں کھانے سے زیادہ ایما کی گفتگو اہم تھی‘ ایما چھ فٹ کی خوب صورت خاتون تھی لیکن وہ بچپن کے واقعات سناتے وقت چھوٹی بچی بن گئی‘ اس کا کہنا تھا‘ میں 1992ء میں پانچ سال کی تھی‘ میری والدہ چیف انجینئر تھی‘ ہم زینیسہ (Zenica) شہر میں رہتے تھے‘ پورا شہر میری والدہ کو جانتا تھا‘ ہم بہت خوش حال تھے لیکن پھر جنگ شروع ہوئی اور سب کچھ ختم ہو گیا‘ نوٹ کاغذ کے ٹکڑے بن گئے‘ ٹرانسپورٹ‘ فیکٹریاں‘ بجلی اور پانی بند ہو گیا اور شہر میں خوراک کی شدید قلت ہو گئی‘ ہمارے پاس کھانے کے لیے کچھ نہیں ہوتا تھا‘ میری والدہ کے پاس سلائی مشین تھی‘ انہوں نے گھر کے پرانے کپڑے اکھٹے کیے‘ انہیں کاٹا اور ان کی مختلف اشیاء بنانا شروع کر دیں‘ وہ ان سے گڑیا‘ بچوں کے لنگوٹ‘ شرٹس اور کپڑے کے پرس اور جوتے بناتی تھی‘ ہم یہ سامان جمع کر کے دوسرے شہر چلے جاتے تھے۔ وہاں منڈی لگتی تھی‘ میری ماں وہاں جا کر وہ سامان بیچتی تھی‘ جنگ کی وجہ سے کرنسی نوٹ نہیں ہوتے تھے چناں چہ چیز کے بدلے چیز ملتی تھی‘ ہم کپڑے اور گڑیا دے کر سبزیاں‘ فروٹ اور اناج لے لیتے تھے اور یوں اپنا پیٹ پالتے تھے‘ مجھے آج بھی یاد ہے میں اس سارے عرصے میں اپنی ماں کا ہاتھ پکڑ کر کھڑی رہتی تھی‘ ایما ’’تجارت‘‘ کے پہلے دن کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئی‘

اس کا کہنا تھا میری ماں نے بہت اچھے حالات دیکھے تھے لہٰذا وہ اپنے شہر میںاپنا سامان نہیں بیچنا چاہتی تھی‘ ہم اپنے گٹھڑی لے کر دوسرے شہر چلے گئے وہاں بھی ماں کو اپنا سامان بیچتے ہوئے شرم آ رہی تھی‘ بہرحال اس نے جیسے تیسے سٹال لگا لیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس کا سارا مال بک گیا‘ اس زمانے میں کپڑوں کی شدید قلت تھی‘ ماں نے اس کے بعد دن رات کپڑے سینا شروع کر دیے‘ اس کی سلائی مشین کے سامنے ایک کیسٹ پڑی ہوتی تھی جس پر زرینہ لکھا تھا‘ زرینہ کوکوجا بوسنیا کی مشہور سنگر تھی‘ میری ماں اس کی بہت بڑی فین تھی‘ وہ سارا دن اس کے گانے سنتی رہتی تھی‘ مشین کے سامنے کیسٹ کی جیکٹ پڑی رہتی تھی جس پر زرینہ کوکوجا کا نام لکھا تھا‘ اس پر اس کی بلیک اینڈ وائیٹ تصویر بھی تھی‘ میری ماں نے مجھے میرے سائز کی ایک گڑیا سی دی تھی‘ میں نے اس کا نام زرینہ رکھ دیا تھا اور میں اسے سارا دن سینے سے لگا کر پھرتی رہتی تھی‘ میرا پورا بچپن اپنی گڑیا زرینہ کے ساتھ گزرا‘ ایما رکی اور مسکرا کر بولی ’’بائی دی وے وہ گڑیا آج بھی میرے پاس موجود ہے اور اب میری بیٹی اس کے ساتھ کھیلتی ہے‘‘ اس نے اس کے بعد دوبارہ اپنی کہانی شروع کر دی‘ اس نے بتایا‘ میں جب بڑی ہو گئی اور مس بوسنیا بن گئی تو مجھے ایک دن کپڑوں کے ایک برینڈ کی لانچنگ میں ماڈلنگ کی آفر ہوئی‘ میرا قد اور میرے پائوں کا سائز بڑا ہے‘ میں جب ریمپ پر جانے لگی تو درمیانی عمر کی ایک خاتون میرے پاس آئی اور مجھ سے کہا‘ میرے پائوں کا سائز تمہارے پائوں کے برابر ہے‘ کیا میں تمہارا اضافی جوتا پہن سکتی ہوں‘ میں نے اسے اجازت دے دی‘ اس کے بعد میری انائونسمنٹ ہو گئی اور میں ریمپ پر چلی گئی‘ میرے بعد اس خاتون کی باری تھی‘ میں جب رائونڈ لگا کر واپس جا رہی تھی تو انائونسمنٹ ہوئی لیڈیز اینڈ جینٹل مین ہم آپ کے سامنے بوسنیا کی سب سے بڑی سنگر اور بیوٹی کوئین زرینہ کوکوجا کو پیش کر رہے ہیں‘ یہ سن کر میں سکتے میں چلی گئی جب کہ پورا ہال کھڑے ہو کر تالیاں بجا رہا تھا‘

زرینہ جب بیک سٹیج پر واپس آئی تو میں اس کا ہاتھ پکڑ کر کھڑی ہو گئی اور اسے اپنے بچپن کے قصے اور گڑیا کی کہانی سناتی چلی گئی‘ وہ بھی سکتے کے عالم میں میری باتیں سنتی رہی‘ ایما نے آخر میں موبائل فون پر زرینہ کوکوجا کی تصویریں دکھائیں‘ وہ اس وقت جرمنی میں ریٹائر زندگی گزار رہی ہے‘ اس نے اس کے بعد زرینہ گڑیا کی تصویر بھی دکھائی جسے اس کی بیٹی گود میں لے کر بیٹھی تھی اور وہ اور خاندانی گڑیا دونوں ایما کی ماں کی گود میں تھیں‘ ایما کی کہانی کا ایک باب ختم ہوگیا اور اس کے ساتھ ہی باہر بارش شروع ہو گئی‘ نومبر کی بارش جس کے ساتھ سردی کی شدید لہر نے شہر کو گھیر لیا۔ بوسنیا میں سردی اور بارش کی یلغار شروع ہو چکی تھی‘ بلقان کی سردیاں شدید ہوتی ہیں‘ درجہ حرارت منفی 30 سینٹی گریڈ تک چلا جاتا ہے‘ ہم وہاں سے سیدھے سبیل چوک آ گئے‘ وہاں عام دنوں میں سینکڑوں کبوتر ہوتے ہیں لیکن اس وقت خاموشی اور سناٹا تھا‘ سردی اور بارش نے کبوتروں کو بھی کوچ پر مجبور کر دیا Set featured imageتھا‘ سردار افتخار 60 سال کے سمارٹ اور فٹ شخص ہیں لیکن وہ بھی سرڈھانپنے اور جیکٹ کے کالر کھڑے کرنے پر مجبور ہو گئے۔ (جاری ہے)

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



بوسنیا میں چار دن


  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

ورنہ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

خود کشی سے پہلے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو (دوسرا حصہ)

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

جنرل ضیاء کی شخصیت کے حیران کن پہلو

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

بیوی کو بھی پتا نہیں چلنا چاہیے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

تیسری پینٹنگ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

قید بھی نعمت ہوتی ہے

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

سٹوڈنٹ لسٹ

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

Mind The Gape

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…

مہاراجہ ہری سنگھ کے جواہرات

  نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ…