اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اچانک اضافے سے محفوظ رکھنے کے لیے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک کے نرخوں میں استحکام لانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
اس سلسلے میں تین ماہ کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافے کو زیادہ سے زیادہ 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال کم کرنا اور صارفین کو اضافی مالی بوجھ سے بچانا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ مارچ 2024 میں موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے وقت بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جو مارچ 2026 میں کم ہوکر 44 روپے 28 پیسے رہ گیا۔ اس طرح فی یونٹ قیمت میں مجموعی طور پر 8 روپے 76 پیسے کی کمی ہوئی۔اسی مدت میں صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے نرخ بھی 62 روپے 99 پیسے سے گھٹ کر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ پر آگئے، جس سے صنعتوں کو فی یونٹ 18 روپے 49 پیسے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔پاور ڈویژن کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث عالمی مارکیٹ میں ایندھن مہنگا ہوا، لیکن اس کے باوجود اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے ممکنہ اضافی بوجھ سے محفوظ رکھا گیا۔
اس عرصے میں فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت اوسط اضافہ صرف 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں پن بجلی کی پیداوار گھٹنے کے باعث بجلی بنانے کے لیے تھرمل ذرائع پر انحصار بڑھ جاتا ہے۔ بعض مہینوں میں مجموعی بجلی پیداوار کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ تھرمل ایندھن سے حاصل کیا جاتا ہے۔دوسری جانب پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے مستقبل کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نیا فارورڈ لکنگ میکنزم بھی تجویز کیا ہے۔
اس کی منظوری ملنے کے بعد نیپرا کو نئے نظام پر عملدرآمد کے لیے پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔



















































