اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معرکہ حق کے دوران بھارتی ڈیفنس سسٹم ایس-400 کو نشانہ بنانے والے جے ایف-17 تھنڈر کے پائلٹ، ونگ کمانڈر حماد ابن مسعود نے انکشاف کیا کہ اس مشن کی حساسیت اور راز داری کا عالم یہ تھا کہ ان کی اہلیہ کو بھی اس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔ ان کے مطابق، مشن کی تفصیلات صرف بیس کے دو یا تین افسران تک محدود تھیں۔
یومِ دفاع کے موقع پر اے آر وائی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ونگ کمانڈر حماد ابن مسعود نے بتایا کہ جب وہ گھر واپس آئے تو ان کی اہلیہ نے استفسار کیا کہ وہ رات کہاں تھے اور کیوں اطلاع نہیں دی؟ اس پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں بعد میں وضاحت کریں گے۔ بعد ازاں، لوگوں نے ان کی اہلیہ کو مبارکباد دینا شروع کی اور بتایا کہ ان کے شوہر نے بھارتی ایس-400 سسٹم تباہ کر دیا ہے۔