اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نادرا نے اپنی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن 5.0.0 متعارف کرا دیا ہے، جس میں عوام کی سہولت کے لیے متعدد نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔نادرا کے اعلامیے کے مطابق ایپ کے تازہ ترین ورژن میں ایک بہتر ڈیش بورڈ، زیادہ مؤثر سرچ فیچر اور شناختی کارڈز کی منسوخی کے لیے تیز تر عمل فراہم کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ ایپ میں موجود تمام آپشنز اب انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں تاکہ دیہی علاقوں کے صارفین بھی اسے آسانی سے استعمال کر سکیں۔
اس اپ ڈیٹ میں درخواست کی پیشرفت معلوم کرنے کے لیے اِن باکس سہولت اور مخصوص اضلاع میں یونین کونسلز کے تعاون سے آن لائن وفات کی رجسٹریشن کا فیچر بھی شامل ہے۔ نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ نئی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایپ کا اپ ڈیٹ شدہ ورژن ڈاؤن لوڈ کریں۔اسی حوالے سے کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ شہر کی تمام یونین کونسلز میں نادرا کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ یہ اعلان بابر مارکیٹ لانڈھی میں اپ گریڈ شدہ نادرا رجسٹریشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا گیا۔