کراچی (این این آئی)پاکستانی فلمی انڈسٹری کی ماضی کی مقبول اداکارہ خوشبو خان نے اپنی طلاق سے متعلق زیرِ گردش خبروں کو مسترد کردیا۔حال ہی میں اداکارہ نے مقامی صحافی کو انٹرویو دیا اور علیحدگی سے متعلق اپنے ماضی کے بیان پر یوٹرن لے لیا۔انہوں نے کہا کہ بعض میڈیا اداروں نے خبر چلائی کہ میری اور ارباز کی طلاق ہوگئی ہے، جبکہ میں نے اس وقت یہ کہا تھا کہ آپ اس بارے میں ارباز سے سوال کریں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں ارباز کے خلاف نہ کبھی گئی ہوں اور نہ کبھی جائوں گی، وہ میرے بچوں کے باپ ہیں اور میں ابھی بھی ان کے نکاح میں ہوں۔خوشبو خان نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ارباز نے مجھے طلاق نہیں دی۔واضح رہے کہ اس سے قبل خوشبو نے ایک انٹرویو میں ارباز خان پر دھوکا دہی کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ ارباز میرے لیے سب کچھ تھے لیکن جب بھی کسی مشکل وقت میں مجھے ان کی ضرورت پیش آئی تو وہ میرے ساتھ نہیں تھے، جس پر مجھے بہت افسوس ہوتا ہے۔













































