اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں احساس ای پنشن سسٹم کے قیام کی منظوری دے دی، یہ نظام یکم جنوری 2026 سے باقاعدہ طور پر نافذ ہوگا۔وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے ای پنشن سسٹم کے لیے ابتدائی منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے اور محکمہ خزانہ کو اس پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ نئے نظام کے تحت جنوری 2026 سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو پنشن کی ادائیگی ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے گی جبکہ موجودہ کاغذی پنشن نظام کو مکمل طور پر پیپرلیس ای سسٹم میں منتقل کیا جائے گا۔
ملازمین ریٹائرمنٹ سے چھ ماہ پہلے آن لائن پورٹل پر ڈیجیٹل فارم کے ذریعے پنشن کی درخواست جمع کرا سکیں گے۔ اس نظام میں کسی بھی مرحلے پر کاغذی فائل استعمال نہیں ہوگی، تمام ویری فکیشن اور منظوری کا عمل ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مکمل کیا جائے گا۔یہ نظام خودکار طور پر سینکشن آرڈر، ریٹائرمنٹ آرڈر، پنشن پیپرز اور پنشن پیمنٹ آرڈر تیار کرے گا، جبکہ وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ ڈیش بورڈ کے ذریعے اس کی نگرانی کریں گے۔ مزید یہ کہ نیا سسٹم نادرا، اے جی آفس اور بینکوں سے منسلک ہوگا، اور مقررہ مدت کے اندر پنشن براہِ راست ریٹائرڈ ملازم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی۔اس نظام کو مستحکم بنانے کے لیے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم بھی تجویز کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ ہوگا جو ای پنشن سسٹم کا آغاز کرے گا۔ حکومت اب تک 36 عوامی خدمات کو آن لائن کر چکی ہے اور دیگر خدمات کو بھی ڈیجیٹل نظام میں شامل کرنے پر کام جاری ہے۔