لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے پولی تھین بیگز کا استعمال ترک کرنے کے لئے مزید 2 ہفتوں کی مہلت دے دی ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ تحفظ ماحول ایجنسی تیاری کرلے آئندہ سماعت پر عدالت مزید شہروں میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی کا حکم جاری کرے گی، جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے شاپنگ سنٹرز، ہوٹلوں اور دیگر کو پولی تھین بیگز کا
استعمال ترک کرنے کے لئے مزید 2 ہفتوں کی مہلت دے دی۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اگر ہوٹلوں سمیت دیگر سٹورز پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنے کی یقین دہانی کروائیں تو انہوں مہلت دے دیں،جو ہوٹلز، سٹورز اور دیگر عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کرتا اسے سربمہر کر دیا جائے۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل سید کمال حیدر نے عدالت کو بتایا کہ کچھ شاپنگ سنٹرز عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کر رہے، جس پر عدالت نے قرار دیا کہ جو عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرے ای پی اے اسے سیل کر دے، اگر عدالتی حکم پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرواتے ہیں تو پھر وقت دے دیا جائے،عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر گوجرانوالہ، فیصل آباد سمیت دیگر بڑے شہروں کی باری آئے گی، جسٹس شاہد کریم نے ای پی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا تحفظ ماحول ایجنسی کے دفاتر ان بڑے شہروں میں قائم ہیں، جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ تمام ڈویژنل شہروں میں ای پی اے کے دفاتر قائم ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔