بیجنگ(آئی این پی)چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ چین سمیت علاقائی ممالک کی سیکیورٹی واستحکام کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچھون اینگ نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں ترکی میں نئے سال کے موقع پر استنبول کے نائٹ کلب میں ہونے والے بم دھماکے کے شبہ میں گرفتار ہونے والے دو چینی شہریوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ رپورٹس سامنے آنے کے بعد تفتیش تاحال جاری ہے اور اس کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔
ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ چین سمیت علاقائی ممالک کی سیکیورٹی واستحکام کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشتگردی کا مخالف ہے ،ہم عالمی برادری کیساتھ رابطہ سازی اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیار ہیں تاکہ دہشت گردی کے خطرہ سے مشترکہ طور پر نمٹتے ہوئے ملکی وبین الاقوامی امن واستحکام کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کو فراہم کئے جانے والے دو بحری جہازوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے مابین معمول کے فوجی تعاون کا حصہ ہے اور اس کا تعلق کسی بھی قسم کے تحفے یا عطیہ سے نہیں ہے ۔
چین کی جانب سے پاکستان کو بطور تحفہ دو بحری جہاز دیے جانے کی خبریں درست نہیں ہیں ۔دونوں ممالک کے مابین فوجی تعاون بین الاقوامی قوانین کے تحت ہیں اور اس کا علاقائی صورتحال پر کسی قسم کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔