اسلام آباد (نیوز ڈیسک )آسٹریلیا کے معروف ساحلی شہر سڈنی میں واقع مصروف بونڈی بیچ پر ہونے والے مسلح حملے میں ملوث افراد کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بونڈی بیچ پر یہودی برادری کا مذہبی تہوار حنوکا منایا جا رہا تھا اور بڑی تعداد میں لوگ وہاں موجود تھے۔ اسی دوران دو مسلح افراد ایک بلند مقام پر پہنچے اور مجمع پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جان سے گئے جبکہ 37 افراد زخمی ہو گئے۔ آسٹریلوی حکام نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں مارے جانے والے حملہ آور کی شناخت مان ہارون مونس کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق ایران سے بتایا جا رہا ہے۔جبکہ دوسرے حملہ آور کو شہریوں کی مدد سے قابو کر لیا گیا، جس کی شناخت نوید اکرم کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نوید اکرم آسٹریلیا کے جنوب مغربی علاقے کا رہائشی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 43 سالہ مسلم شہری احمد الاحمد نے بونڈی بیچ پر حملہ آور نوید اکرم کو دبوچ کر قابو کیا، تاہم اس دوران وہ خود بھی گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔احمد الاحمد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق انہیں آپریشن سے گزارا جائے گا۔















































