اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈی ایس پی عثمان حیدر کی اہلیہ اور بیٹی کی گمشدگی سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں ملزم نے دونوں کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ڈی آئی جی نے بتایا کہ عثمان حیدر نے تقریباً ایک ماہ قبل اپنی بیوی اور بیٹی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ برکی میں درج کروایا تھا۔ تفتیش کے دوران یہ معاملہ مشکوک ثابت ہوا، جس کے بعد حقائق سامنے آئے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پی عثمان حیدر نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ بیٹی کی لاش کاہنہ جبکہ اہلیہ کی لاش شیخوپورہ کے علاقے سے برآمد کر لی گئی ہے۔ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے اور ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ابتدائی بیان میں عثمان حیدر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کی اہلیہ طلاق کا مطالبہ کر رہی تھی، اور انکار پر وہ بیٹی کو ساتھ لے کر گھر سے چلی گئی تھی۔ تاہم تفتیش میں سامنے آنے والے شواہد نے اس کے بیان کو جھوٹا ثابت کر دیا۔















































