اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے کرسمس کے تہوار کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے وفاقی ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کے لیے ایک مثبت قدم اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔حکومتی فیصلے کے تحت مسیحی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو دسمبر کی تنخواہ اور پنشن معمول سے پہلے جاری کی جائے گی، جو 22 دسمبر کو ادا کر دی جائے گی۔
اس ضمن میں وفاقی وزارتِ خزانہ نے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (سی جی اے) کو باقاعدہ ہدایات ارسال کر دی ہیں۔جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 25 دسمبر کو کرسمس کی مناسبت سے مسیحی برادری سے وابستہ تمام وفاقی ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہ اور پنشن مقررہ تاریخ سے قبل فراہم کی جائے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد کرسمس کی تیاریوں میں آسانی پیدا کرنا اور مذہبی تہوار کی خوشیوں کے لیے بروقت مالی سہولت مہیا کرنا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے حقوق کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی حکومت کے اس اعلان کو مسیحی برادری میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کا کہنا ہے کہ پیشگی ادائیگی سے کرسمس کے انتظامات میں سہولت ملے گی اور مالی دباؤ میں بھی واضح کمی آئے گی۔















































