اسلام آ باد(نیوز ڈ یسک)پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،
جبکہ شہریوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں لائسنس کے اجرا کا عمل مسلسل جاری ہے۔ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق جنوری 2026 کے دوران 12 لاکھ 41 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اس عرصے میں 4 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ شہریوں نے لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ 4 لاکھ افراد کو باقاعدہ ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار شہریوں نے لرنر، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ 2 ہزار 500 سے زائد افراد نے گم شدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔ اس کے علاوہ 4 ہزار 500 سے زیادہ شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا قابلِ سزا جرم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ڈی آئی جی محمد وقاص نذیر کے مطابق ای ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی حیثیت بھی فزیکل ڈرائیونگ لائسنس کارڈ کے برابر ہے اور شہری بلا جھجک اسے استعمال کر سکتے ہیں۔















































