اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے مفت ویزہ آن ارائیول کی سہولت سے متعلق باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اس کے حصول کے لیے ضروری شرائط واضح کردی ہیں۔
اس سہولت کے تحت اہل پاکستانی مسافر بغیر ویزہ فیس ادا کیے قطر میں 30 روز تک قیام کرسکیں گے۔قطر کی وزارت داخلہ کے مطابق یہ سہولت پاکستانیوں کے علاوہ بھارت اور تھائی لینڈ کے شہریوں کو بھی فراہم کی جائے گی۔ تاہم مسافروں کو قیام کی اجازت ان کی ہوٹل بکنگ کی مدت کے مطابق دی جائے گی، جو زیادہ سے زیادہ 30 دن ہوسکتی ہے۔حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ویزہ آن ارائیول حاصل کرنے کے لیے مسافر کا پاسپورٹ قطر آمد کی تاریخ سے کم از کم تین ماہ تک مؤثر ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ واپسی سمیت آمدورفت کی کنفرم ہوائی ٹکٹ بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ایک اہم شرط یہ ہے کہ ہوٹل کی بکنگ صرف قطر کی سرکاری ویب سائٹ ’’ڈسکور قطر‘‘ (Discover Qatar) کے ذریعے کروائی گئی ہو۔ دیگر ویب سائٹس یا ذرائع سے حاصل کردہ ہوٹل ریزرویشن قابل قبول نہیں ہوگی۔ اسی طرح مسافر کے پاس قطر کی منظور شدہ انشورنس کمپنی کی جاری کردہ مؤثر ہیلتھ انشورنس پالیسی ہونا بھی ضروری ہے۔
مفت ویزہ آن ارائیول کے ذریعے پاکستانی شہری زیادہ سے زیادہ 30 دن قطر میں گزار سکیں گے، تاہم اگر ہوٹل کی بکنگ اس سے کم مدت کے لیے ہے تو انہیں بھی اتنے ہی دن قیام کی اجازت ملے گی جتنے عرصے کے لیے رہائش کا انتظام کیا گیا ہو۔واضح رہے کہ اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے آن ارائیول اور آن لائن ویزہ کی سہولیات عارضی طور پر روک دی ہیں۔ تاہم اب قطری وزارت داخلہ نے چار بنیادی شرائط پوری کرنے والے مسافروں کے لیے مفت ویزہ آن ارائیول کی دستیابی کی وضاحت کردی ہے۔



















































