شکارپور(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)گڑھی تیغو میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن چھٹے روز بھی جاری ۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ کے مطابق ڈاکوؤں اورپولیس اہلکاروں میں فائرنگ کاتبادلہ جاری ہے اور اب تک ڈاکوؤں کے 260 سے زائد ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں۔ڈی آئی جی لاڑکانہ کا کہنا ہےکہ اب تک 12 میں سے 9 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا ہے، آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور
ایک فوٹو گرافر شہید ہوئے جب کہ 6 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ نے ڈاکوؤں کے سرکی قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، ملزمان کی گرفتاری یا اطلاع دینے پرمجموعی طور پر 2 کروڑ 60لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کے خلاف آپریشن جاری ہے ،آٹھ ٹھکانوں کو مسمار جبکہ بقیہ تمام ٹھکانوں کو جلادیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں لادی گینگ کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے ۔آپریشن میں پولیس، رینجرز اور بارڈر ملٹری فورسز کے افسران اور جوان حصہ لے رہے ہیں۔آئی جی پنجاب انعام غنی کمانڈ اینڈ کنر ول روم سے آپریشن کی مانیٹرنگ کررہے ہیں جبکہ ڈی پی او عمر سعید ملک خود آپریشن کو لیڈ کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن میں پانچ سو پچاس جوان اسی گاڑیوں ،پانچ اے پی سیز ،چھ بلٹ پروف گاڑیوں اور ڈرون کیمروں کے ساتھ آپریشن کر ر ہے ہیں، آپریشن کرنے والی ٹیم کو چار سنائپر کی خدمات بھی حاصل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق لادی گینگ کے آٹھ ٹھکانوں کو مسمار جبکہ بقیہ تمام ٹھکانوں کو جلادیا گیا ہے۔