لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی نشاط ڈاہا نے جلیل شرقپوری کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو بدمعاشی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیر کو اسمبلی جائیں گے جس میں دم ہے آکر روکے، نواز شریف جس راستے پر چل رہے ہیں
وہ تنہائی کا ہے، ایوان میں الگ نشستوں کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جلیل شرقپوری کے ساتھ واقعہ قابل مذمت ہے، کھلی بدمعاشی اور منتخب اسمبلی ارکان کی توہین کی گئی، ہم سب جلیل شرقپور ی کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز صرف اسی کو ووٹ سمجھتے ہیں جو انہیں ملے، عمران خان کے پاس ووٹوں کی اکثریت ہے اس کی بھی عزت کریں، نواز شریف خود باہر بیٹھے ہیں، دوسروں کو سڑکوں پر آنے کا کہتے ہیں۔نشاط ڈاہا نے کہا کہ نواز شریف دولت بچانے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں، اسمبلی جائیں گے، ان میں جرت ہے تو راستہ روک کر دکھائیں، پنجاب اسمبلی کسی کی جاگیر نہیں روک سکو تو روک لو۔