کابل (این این آئی) افغان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان کے شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ طالبان کی آمد کے بعد ملک میں امن واپس آئیگا اور مخالفین کو عام معافی دی جائیگی۔نجی ٹی وی کے مطابق غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اگر افغانستان میں امن اور طالبان واپس آتے ہیں تو ان کی آمد 1996 کی طرح نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم افغان عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ طالبان کی جانب سے انہیں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہوگا،
ہماری مخالفت صرف غیرملکی افواج کی وجہ سے ہے، ایک مرتبہ غیرملکی افواج کا انخلا اور امن معاہدے پر دستخط ہوجائیں پھر ملکی سطح پر لوگوں کو عام معافی دی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے افغانستان سے فوج کے انخلا کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہاکہ ہماری طرف سے کوئی بھی چاہے اس کا تعلق پولیس، فوج، حکومت یا کسی بھی شعبے سے ہو، اسے ہماری طرف سے انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔