ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں سرکاری محکمے کے ملازمین کی سالانہ تعطیلات بھی کم کر دی گئیں،عرب ٹی وی کے مطابق ملازمین 60 یوم میں استحقاقی تعطیلات کر سکتے ہیں۔ مگر اس کے بعد وہ چھٹی کے لیے درخواست نہیں دے سکتے۔ اگر کوئی ملازم سابقہ شیڈول پرعمل کرنا چاہیے تو وہ سالانہ 36 دن کی تعیطلات کر سکتا ہے جو کہ سابقہ شیڈول سے کم ہیں۔چھٹیوں کے قانون میں ملازمین کو تعطیلات کے دوران آمد ورفت کے لیے دی گئی مالی مراعات واپس لے لی گئی ہیں۔ البتہ سرکاری نظام الاوقات سے ہٹ کراضافی گھنٹے کام کرنے والے کو مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اضافی وقت کی اجرت بنیادی تنخواہ کا 25 فی صد ہوگی جب کہ تعطیلات کے ایام میں بنیادی تنخواہ کے50 فی صد کے مساوی بونس دیا جائے گا۔ کسی بھی سرکاری ملازم کو مالی سال کے دوران 30 دن سے زاید رخصت کی اجازت نہیں ہوگی۔تعطیلات ، تنخواہوں اور مراعات کے حوالے سے منظور کردہ مذکورہ ضوابط کا اطلاق مقامی سعودی باشندوں اور غیرمقامی افراد پر بھی ہو گا۔تمام ملازمین کی کارکردگی پر پرگہری نظر رکھی جائے گی اور کسی کو کام چوری کی اجازت نہیں ہو گی۔ اگر محکمہ کسی سرکاری ملازم کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہو تو اسے تحریری وارننگ دی جائے گی۔ اگر وہ اپنی اصلاح نہ کرے تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور تیسرے سال بھی اس کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہوئی تو اسے نوکری سے فارغ کرنے کے لیے کیس متعلقہ کمیٹی کو بھجوایا جائے گا۔تمام ملازمین کو ان کے متعلقہ کام کے لیے سال کے شروع میں اہداف بتا دیے جائیں گے اور سال کے آخر میں ان اہداف پر ہونے والے کام کا جائزہ لیا جائے گا۔