اسلام آباد(این این آئی)مصر میں آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چمپئن شپ میں ٹائٹل اور دوسری پوزیشن جیتنے کے بعد پاکستان اسنوکر ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ٗ قومی کھلاڑیوں نے حکام سے سوال کردیا کہ کیا وہ قومی ہیرو نہیں؟ ان کے لیے کوئی انعامات کا اعلان کیوں نہیں؟ میڈیا رپورٹ کے مطابق مصر میں ہونے والی ورلڈ ٹیم اسنوکر چمپئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف اور بابر مسیح پر مشتمل ٹیم نے فائنل جیتا، ٹائٹل کیلئے فائنل میں پاکستان کی ہی ٹیم سے مقابلہ تھا ۔ اسجد اقبال اور محمد سجاد پر مشتمل پاکستان کی دوسری ٹیم سلور میڈل کی حقدار رہی ۔
کھلاڑی ٹرافی اٹھائے وطن واپس آئے تو نہ حکومتی شخصیات موجود تھی نہ ان کو کوئی پروٹوکول ملا تاہم پی بی ایس اے نے پلیئرز کو پھولوں کے ہار پہنا کر ویلکم کیا ۔کھلاڑی جیت پر خوش لیکن حکومت کے رویے پر شدید ناراض نظر أئے ۔پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ کرکٹرز کو ہرکسی نے انعامات دیے ، ان کھلاڑیوں کے لیے مبارکباد کے پیغامات بھی بھیجنا گوارا نہیں کیا گیا ۔قومی کیوئسٹس کا کہنا تھا کہ وہ حکومتی رویے پر ناراض ضرور ہیں تاہم اس کے باوجود ان کے عزائم کم نہیں ہوں گے اور وہ ملک کے لیے اعزازات حاصل کرتے رہیں گے ۔