اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی والدہ ہفتے کی صبح خالق حقیقی سے جاملیں۔ پاکستان کی تاریخ میں وہ واحد خاتون ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کا تعلق نشان حیدر پانے والے دو شہدا کے ساتھ ہے۔ وہ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کی والدہ اور میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کی ہمشیرہ تھیں۔ان کے بڑے بیٹے اور راحیل شریف کے بھائی میجر شبیر شریف نے 1971ءکی جنگ میں بھارت کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرمایا اور اپنی بہادری کی وجہ سے نشان حیدر کے حقدار پائے۔ میجرعزیز بھٹی شہید نے 1965ءکی جنگ میں بھارت کو ناکوں چنے چبوا دئیے تھے اور لاہور کا دفاع کرتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے تھے۔