اسلام آباد (آن لائن)قومی اسمبلی اجلاس میں ایم کیو ایم مطالعہ پاکستان کے پرچے میں بنگلہ دیش سے آنے والوں سے متعلق منفی سوال پر پھٹ پڑی۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی صابر قائم خوانی نے کہا کہ سندھ میں مطالعہ پاکستان کے پرچے میں پوچھا گیا کہ بنگلہ دیش سے آنے والوں
سے کیا مسائل پیدا ہوئے پاکستان بنانے والوں کو پناہ گزین کہا گیا۔ میری یہ تحریک استحقاق ہے معاملہ کمیٹی کو بھیجا جائے صابر قائم خوانی کی درخواست پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔ رکن اسمبلی مولانا جمال الدین نے کہا کہ سود سے متعلق معاملہ کو جے یو آئی نے ایوان میں ایک بار پھر اٹھا یا ہے ۔ یہ اسلامی ملک کی اسمبلی ہے، اقلیتوں کے علاوہ باقی تمام مسلمان ممبر ایوان میں موجود ہیں ۔ سود کو ہم کسی سے صورت میں برداشت نہیں کرسکتے حکومت اس معاملہ پر غور کرے یہ معاملہ بہت اہم ہے۔ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج بڑا اہم اجلاس ہے ، ممبرز آج پوائنٹ آف آرڈر کا خیال رکھیں ، ہمیشہ نکتہ اعتراض پر بھرپور موقع دیتا ہوں۔