اسلام آباد ( آن لائن)تحریک انصاف کے اراکین کے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری آمنے سامنے آگئے ہیں اور اسمبلی سیکرٹریٹ نے اراکین کے ذاتی طور پر استعفوں کی تصدیق کے لئے پیش نہ ہونے تک منظوری سے
انکار کر دیا ہے ،ذرائع کے مطابق عمران خان سمیت قاسم سوری کو تحریک انصاف کے 120 سے زائد اراکین کے استعفے موصول ہوئے کہ وہ رکن قومی اسمبلی کے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں ،قاسم سوری نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے متعلقہ شعبے کو ہدایات جاری کیں کہ ان اراکین کے استعفے منظور کر کے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور الیکشن کمیشن کو بھجوادیا جائے تا کہ وہ ان کی نشستیں خالی قرار دے تاہم ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے استعفوں کی مکمل جانچ پڑتال اور تصدیق کے بغیر ان کی منظوری سے انکار کر دیا ہے اور کہا کہ ہر رکن قومی اسمبلی نے ایک ہی قسم کے فارمیٹ پر استعفا دیا جس سے شکوک وشبہات پیدا ہوئے ،ہر مستعفی رکن کو ذاتی طور پر تصدیق کے لئے بلایا جائے گا،استعفا اس کے ہاتھ سے لکھا ہو یا ٹائپ شدہ ہو اس کی تصدیق لازمی ہے ورنہ استعفا منظور نہیں ہوگا۔رکن سے یہ بھی پوچھا جائے گا اس نے استعفا اپنی مرضی سے دیا ہے یا دبائو میں آکر دیا ہے انہی وجوہات کی وجہ سے ابھی تک تحریک انصاف کے کسی بھی رکن کا استعفا موصول نہیں ہوا ۔