اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی) حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ اور اپوزیشن کے معاملات طے پا گئے، ایم کیو ایم نے اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی۔نجی ٹی وی جیو نیوز کےمطابق ایم کیو ایم تحریک عدم اعتماد پر
ووٹنگ والے دن اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کرے گی ،دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے ملک میں سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے پی ٹی آئی کو وزیر اعظم تبدیل کرنے کا مشورہ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد کے پارلیمنٹ لاجز میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت سے پی ٹی آئی کے وفد نے ملاقات کی۔حکومتی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور اسد عمر شامل تھے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، امین الحق، خواجہ اظہار الحسن اور جاوید حنیف شامل تھے۔ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے ایم کیو ایم کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا جبکہ ایم کیو ایم نے پہلی تجویز یہ دی کہ وزیر اعظم اپنی جگہ پی ٹی آئی سے کسی دوسرے رہنما کو وزیر اعظم نامزد کر دیں تاکہ اتحادی جماعتیں کوئی مثبت فیصلہ کر سکیں۔