اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وبا کے دوران نجی لیبارٹریوں نے ٹیسٹوں کے ذریعے ظالمانہ منافع خوری کرتے ہوئے اربوں روپے کمالیے۔نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ
کورونا وبا کے دو سالوں کے دوران پرائیویٹ لیبارٹریز نے ٹیسٹوں کی مد میں اربوں روپے کی کمائی کی ہے۔ چند روپے میں ملنے والی پی سی آر کٹ کے ذریعے ٹیسٹ کے سات ہزار روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق کورونا ٹیسٹ کی ایک کٹ سات روپے میں پڑتی ہے۔ زی بین کی کٹس 225 روپے میں خریدی جا رہی ہیں جن سے 32 افراد کے ٹیسٹ کیے جاسکتے ہیں، اس حساب سے فی ٹیسٹ لاگت سات روپے تین پیسے بنتی ہے۔ لاہور کے ڈسٹری بیوٹرز نے کٹس کی قیمت 470 روپے مقرر کی ہے جن کے ذریعے ایک ٹیسٹ پر 14.68 روپے لاگت آتی ہے لیکن عوام سے ہزاروں روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ سات روپے کی کٹ پر ٹیسٹ کی فیس 4800 روپے سے سات ہزار روپے تک وصول کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔