لاہور (نیوز ڈیسک) ویڈیو جھوٹی ہے اسے ٹائی ٹینک فلم جیسی ٹیکنالوجی کی مدد سے بنایا گیا، یہ بات مفتی عزیز الرحمان کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہی،
لاہور کی سیشن کورٹ میں مفتی عزیز الرحمان کے خلاف طالب علم کے ساتھ بدفعلی کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں ملزم کے وکیل نے عدالت میں اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ طالب علم کے ساتھ مبینہ بدفعلی کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے وہ جھوٹی ہے اور اسے کسی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ ہالی ووڈ کی فلمیں بشمول کامیاب ترین فلم ٹائی ٹینک بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئی ہے ایسی ہی کسی ٹیکنالوجی کی مدد سے عزیز الرحمان کی جھوٹی ویڈیو بنائی گئی اور اسے وائرل کیا گیا،وکیل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایسی ویڈیوز چند منٹوں میں تیار کی جاسکتی ہیں۔وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم کو جان بوجھ کر اس کیس میں پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے، ان پر مقدمہ مدرسے کی سیاست کی بنا پر درج کروایا گیا ہے۔وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم صادر کیا جائے، وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا اور پانچ اکتوبر تک سماعت ملتوی کر دی۔