اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن نے استعمال شدہ اور ریفربشڈ موبائل فونز کی کسٹم ویلیوز میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے، جس میں بالخصوص ایپل آئی فون 14 پلس کے مختلف اسٹوریج ماڈلز شامل ہیں۔
موصولہ معلومات کے مطابق آئی فون 14 پلس کے 128 جی بی ورژن کی کسٹم ویلیو کم کرتے ہوئے 910 ڈالر سے 774 ڈالر مقرر کر دی گئی ہے، جو ایک نمایاں کمی ہے۔اسی طرح 256 جی بی آئی فون 14 پلس کی کسٹم ویلیو بھی کم کر دی گئی ہے اور اب یہ 859 ڈالر ہے، جبکہ اس سے پہلے اس ماڈل پر 1010 ڈالر لاگو تھے۔ صارفین نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔مزید برآں، 512 جی بی آئی فون 14 پلس کی ویلیو 1210 ڈالر سے گھٹا کر 1029 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جس سے درآمد کنندگان اور خریداروں دونوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کمی موبائل فونز کی کسٹم ویلیوز کو مارکیٹ ریٹس کے مطابق لانے کی جاری پالیسی کا حصہ ہے۔ مختلف مارکیٹوں اور قیمتوں کے تفصیلی جائزے کے بعد یہ نئے ریٹ مقرر کیے گئے تاکہ ملک میں فروخت ہونے والے استعمال شدہ موبائل فونز کی اصل مارکیٹ ویلیوز کی بہتر عکاسی کی جا سکے۔ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف درآمدات میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ عام صارفین کو بھی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچے گا۔















































