کابل(این این آئی)افغانستان میں دوران پرواز ہیلی کاپٹرسے لٹکے ہوئے ایک شخص کے ویڈیو کلپ نے دنیا میں ہلچل مچا دی۔ کچھ لوگوں نے ہیلی کاپٹر سے لٹکے شخص کو میت قرار دے دیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ فوٹیج جب سوشل میڈیا پر پھیلی تو بہت سے افغان شہریوں نے طرح طرح کے سوالات اٹھائے کہ آخر طالبان ایک شخص کواڑتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے ساتھ لٹکا کر کیا کرنا چاہتے ہیں۔ بعض لوگوں نے اسے طالبان کے ہاتھوں مجرموں کو پھانسی دینے کے سابقہ واقعات کا تسلسل قرار دیا۔مگربہت سے لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہیلی کاپٹرسے لٹکے شخص کی ویڈیو قندھارکی ہے۔ اسے ایک کثیر منزلہ عمارت کی چھت پر طالبان کا جھنڈا گاڑھنے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ساتھ لٹکا کر لے جایا گیا۔ یہ کوئی پھانسی کا کیس نہیں۔تاہم اس واقعے کا ایک علیحدہ ویڈیو کلپ واضح طور پراس شخص کو زندہ دکھاتا ہے اور وہ ہوا میں اشارے بھی کررہا ہے۔یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف افغانستان میں یہ تاثر عام ہے کہ طالبان ایک بار پھر نوے کی دھائی کی طرز پرسخت گیر طرز حکمرانی پر چل رہے ہیں اور وہ معمولی خلاف ورزی پر بھی لوگوں کو موت جیسی کڑی سزائیں دینے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔